جموں//
مرکزی وزیر مملکت ‘ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کا وزیراعظم مودی کے ساتھ فطری تعلق ہے ۔
کل شہر کے مولانا آزاد اسٹیڈیم میں وزیر اعظم نریندر مودی کے پروگرام کے انتظامات کا حتمی جائزہ لینے کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے آج یہاں یہ بات کہی۔
مرکزی وزیر مملکت کے ساتھ حکومت ہند کے سینئر افسران اور جموں و کشمیر انتظامیہ کی ایک ٹیم بھی تھی، جس کی قیادت ڈویژنل کمشنر جموں کر رہے تھے ۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا ’’وزیر اعظم نریندر مودی کے کل جموں کے سرکاری دورے کے موقع پر لوگوں میں بہت زیادہ جوش و خروش پایا جاتا ہے ، لوگ ان کی آمد کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں’’۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں و کشمیر کاتقریباً ہر شہری اس پروگرام کا حصہ بننا چاہتا ہے ‘‘۔
سول انتظامیہ اور سیکورٹی ایجنسیوں کے حکام نے مودی کے عوامی پروگرام کے لیے کیے جموں شہر میں واقع اسٹیڈیم میں کئے جانے والے وسیع اور ضروری انتظامات کے بارے میں ڈاکٹر جتیندر سنگھ کو بتایا۔
ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ سوسائٹی اور انتظامیہ دونوں نے مل کر اس کے لیے مناسب انتظامات کیے ہیں۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ مرکز کے زیرانتظام علاقے کے لوگ اس تقریب میں شرکت کے لیے آرہے ہیں، خاص طور پر جموں خطہ کے دس اضلاع سے بڑی تعداد میں لوگ آرہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ پونچھ، کشتواڑ اور رام بن سمیت دور دراز کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے لوگ آج رات شہر پہنچیں گے ، جب کہ پڑوسی اضلاع جیسے کٹھوعہ اور سانبہ کے لوگ کل صبح مقام پر پہنچیں گے ۔
ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ مدعو افراد کے لیے رہائش، ریفریشمنٹ اور صفائی ستھرائی کی سہولیات کے حوالے سے کافی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ وہ آرام سے پروگرام میں شرکت کر سکیں۔
مرکزی وزیرمملکت نے یاد دلایا کہ گزشتہ۷۰برسوں میں جموں و کشمیر کے لیے اب تک کا سب سے بڑا ترقیاتی پیکیج نریندر مودی نے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد دیا تھا۔
ڈاکٹر سنگھ نے مزید کہا کہ وزیر اعظم بننے کے فوراً بعد مودی کو ریاست میں سیلاب کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا اور انہوں نے اس آفت کی گھڑی میں لوگوں کو پریشانی سے نکالا۔ ۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم مودی نے خطہ کی ترقی کے لیے نہ صرف بہت زیادہ جسمانی اور مالی مدد کی ہے بلکہ ۵اور ۶؍اگست کو ہونے والی آئینی تبدیلیاں لا کر ذہنی رکاوٹوں کو بھی دور کرنے کی کوشش کی ہے ۔