سرینگر ///
آئندہ لوک سبھا اِنتخابات کی تیاری کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں کیلئے ایک روزہ ورکشاپ آج چیف ایکٹورل آفیسر دارالانتخاب سرینگرکے دفتر میںمنعقد ہوا۔
اِس پروگرام میں جموں و کشمیر یوٹی کی بڑی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تربیت میں اِنتخابی عمل کے تمام اہم پہلوؤں یعنی نامزدگی، اہلیت، امیدواری کی نااہلی، ای وی ایم کی تیاری، اِنتخابی اخراجات کی نگرانی، اِنتخابی ضابطہ اخلاق اور میڈیا سرٹیفیکیشن اور مانیٹرنگ کمیٹیاں کا احاطہ کیا گیا۔
نمائندوں کو پولنگ ڈے سے متعلق سٹینڈرڈ آپریٹنگ طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا گیا جو پولنگ پارٹیوں کے ساتھ ساتھ مقابلہ کرنے والے امیدواروں کی طرف سے بھی عمل میں لایا جائے گا۔
چیف الیکٹورل آفیسر جموںوکشمیرپانڈورانگ کے پولے نے سیشن کا اِفتتاح کیا اور ہندوستان جیسی متحرک جمہوریت میں سیاسی جماعتوں کے مرکزی کردار پر زور دیا۔
قومی سطح کے ماسٹر ٹرینرز چاند کشور شرما اور ریاض احمد بٹ نے ای وی ایم کی تیاری، اِنتخابی ضابطہ اَخلاق سے متعلق مسائل، اِنتخابی اخراجات کی نگرانی، ایم سی ایم سی اور سوشل میڈیا سمیت کئی موضوعات پر تربیت دی۔
چیف الیکٹورل آفیسر جموں و کشمیر نے اپنے اِختتامی خطاب میں نمائندوں کو اِنتخابات سے متعلق مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا جس میں اِنتخابی عمل کے دوران اور بعد میں آزادانہ ، منصفانہ اور شہری گفتگو کو یقینی بنانے کیلئے سیاسی جماعتوں اور اِنتظامی مشینری کے درمیان قریبی رابطے کی ضرورت اُجاگر کیا۔
پولے نے پُرامن اور منصفانہ اِنتخابات کو یقینی بنانے کے لئے اچھے طریقوں اور شفافیت کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا ۔ اُنہوں نے اِنتخابات سے متعلق امور پر تربیت حاصل کرنے والے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ اَپنی جماعتوں کے دیگر رہنماؤں کو مزید تربیت دینے کے لئے ٹرینر بنیں اور مجموعی عمل میں رائے دہندگان کی شرکت بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں۔