جموں//
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کے روز سال۲۰۱۹میں پلوامہ میں ہونے والے خود کش حملے میں جاں بحق ہونے و الے۴۰سی آر پی ایف اہلکاروں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
بتادیں کہ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں۱۴ فروری۲۰۱۹کو دن کے قریب ڈھائی بجے سی آر پی ایف کی ایک کانوائے پر خود کش حملہ کر دیا گیا تھا جس کے نتیجے میں۴۰سی آر پی ایف اہلکار جاں بحق ہوئے تھے ۔
اس حملے کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگی صورتحال پیدا ہوئی تھی۔
منوج سنہا نے بدھ کے روز اس حملے میں جاں حق ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
سنہا نے’ایکس‘پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا’’میں سال۲۰۱۹میں پیش آنے والے پلوامہ دہشت گردانہ حملے میں اپنی جانیں قربان کرنے والے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں‘‘۔
ایل جی نے کہا’’قوم ان کی مثالی جرات، عظیم قربانی اور مادر وطن کی بے لوث خدمت کی ہمیشہ مرہون منت رہے گی۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ وادی میں بدھ کو اس حملے کی پانچویں برسی کے موقع پر سیکورٹی فورسز بشمول سی آر پی ایف اور سیاسی و سماجی تنظیموں کی طرف سے الگ الگ تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔