سرینگر//
وادی میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران آگ کی الگ الگ وارداتوں میں چار رہائشی مکان، جونری مل اور گا خانہ خاکستر ہوا ہے ۔
فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ پر قابو پایا گیا۔
فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ وادی میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران آگ کی دس وارداتوں میں چار رہائشی مکان ،جونری مل اور گا و خانے کو نقصان پہنچا ہے ۔
عہدیدار نے بتایا کہ اونتی پورہ میں آگ کی ایک واردات میں دو رہائشی شیڈ خاکستر ہوئے ہیں۔
عہدیدار کے مطابق کاڈی پورہ شوپیاں میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی چنانچہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ پر قابو پایا گیا۔
انہوں نے مزید بتایاکہ پمپوش کالونی پالہ پورہ میں جونری مل میں آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے ۔
ان کے مطابق فائر عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں جونری مل کو نقصان پہنچا۔
عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ کادی کدل نوہٹہ میں بھی آگ کی ایک واردات میں رہائشی مکان کو نقصان پہنچا ہے جبکہ چاڈورہ بڈگام میں گاو خانہ پوری طرح سے خاکستر ہوا ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔