صاحب اب تو ہمیں شک ہو رہا ہے اور… اور سو فیصد ہو رہا ہے ۔ وہ کیا ہے کہ اپنے وزیرداخلہ ‘شریمان امت شاہ جی جس طرح بات بات اور ہر ایک بات پر کہہ رہے ہیں کہ مودی سرکار نے ۳۷۰ ہٹایا اس لئے لوگ بی جے پی کو ۳۷۰ لوک سبھا نشستیں دیں گے… ہمیں شک ہو رہا ہے کہ کیا واقعی میں شاہ جی کو یقین ہے کہ لوگ انہیں ۳۷۰ نشستیں دیں گے اور… اور اس لئے دیں گے کہ … کہ مودی جی کی حکومت نے ۳۷۰ ہٹا دیا… کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر مودی جی کی سرکاردفعہ ۳۷۰ کو نہیں ہٹا تی تو… تو لوگ بی جے پی کو ۳۷۰ نشستیں نہیں دیتے؟کیا شاہ جی کو اس میں کوئی شک ہے… اگر شک نہیں ہے تو… تو یہ جناب بار بار ایسا کیوں کہہ رہے ہیں؟کوئی شاہ جی سے کہے کہ جناب آپ کو دفعہ ۳۷۰ کی منسوخی کو بار باراور ہربار بیچنے … منسوخی کے پانچ سال بعد بھی بیچنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور… اور اس لئے نہیں ہے کیونکہ اگر آپ اسے نہ بھی بیچیں تو… تو بھی بھارت واسی آپ کو ہی ‘ آپ کی جماعت کو ہی‘ آپ کے مودی جی کو ہی ووٹ دیں گے… ۳۷۰ دیں گے یا نہیں ‘ یہ تو ہمیں معلوم نہیں ہے‘ لیکن ضرور دیں گے… ۳۷۰ کی منسوخی کی بدولت نہیں دیں گے بلکہ کانگریس کی بدولت دیں گے کہ… کہ جب تک کانگریس، بی جے پی کی حریف جماعت ہے… شاہ جی آپ کو فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے… آپ پریشان نہ ہوجائیے کہ… کہ اپوزیشن میں کانگریس جیسا قیمتی اثاثہ کسی کسی کو ملتا ہے اور… اور آپ خوش قسمت ہیں کہ یہ اثاثہ آپ کو ملاہے … کانگریس کے ہوتے شاہ جی! آپ کو ۳۷۰ ہٹانے کی بھی ضرورت نہیں تھی…خیر سے آپ نے اسے ہٹا دیا تو… تو لوگوں کو یہ بار بار بتانے کی ضرورت نہیں ہے کہ… کہ آپ لوگوں کو صرف اتنا یاد دلائیے کہ کانگریس بی جے پی کے مد مقابل ہے پھر دیکھ لیجئے کہ ۳۷۰ کیا ۴۷۰ لوک سبھا سیٹیں بھی آپ کو مل سکتی ہیں…وہ کہتے ہیں نا کہ آپ کے ہوتے دشمن کی کوئی ضرورت نہیں ہے… بس سمجھ لیجئے کہ کانگریس کے ہوتے بی جے پی کو کچھ بھی کرنے کی ضرورت نہیں ہے کہ… کہ سب کچھ خودبخود ہو جائیگا… مودی جی تیسری بار بھی وزیر اعظم خودبخود بن جائیں گے… اوراللہ میاں کی قسم ہمیں یقین ہے… بی جے پی پر نہیں بلکہ کانگریس پر یقین ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیگی…سو فیصد یقینی۔ ہے نا؟