سرینگر//
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منی لانڈرنگ کے ایک کیس کے سلسلے میں شمالی ضلع کپوارہ کے ایک رہائشی کو گرفتار کیا ہے ۔
ڈائریکٹوریٹ کے مطابق مذکورہ شخص کو خصوصی جج اے سی بی (سی بی آئی کیسز) کشمیر سری نگر کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا۔
یہ جانکاری مرکزی ایجنسی ای ڈی نے جمعرات کو ’ایکس‘پر ایک پوسٹ کے ذریعے فراہم کی۔
پوسٹ میں کہا گیا’’ای ڈی نے جموں وکشمیر کے ضلع کپوارہ کے ایک رہائشی محمد عبداللہ شاہ کو۶فروری۲۰۲۴کو پی ایم ایل اے۲۰۰۲کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا ہے ‘‘۔
پوسٹ میں کہا گیا’’مذکورہ شخص کا تعلق ان ملزموں کے ساتھ تھا جو پاکستانی ہینڈلر منظور احمد شاہ کے ساتھ رابطے میں تھے جو پاکستان کے کالجوں میں جموں وکشمیر کے بچوں کو ایم بی بی ایس اور دیگر کورسز میں داخلہ دینے کا انتظام کرتا تھا‘‘۔
ای ڈی نے پوسٹ میں مزید کہا’’محمد عبداللہ شاہ کو خصوصی جج اے سی بی (سی بی آئی کیسز) کشمیر سرینگر کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا اور عدالت نے ملزم کو۱۳فروری۲۰۲۴تک ای ڈی کی حراست میں بھیج دیا ہے ۔‘‘