نئی دہلی//
قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) نے ہفتہ کو کہا کہ اس نے سرحد پار سے ہتھیاروں، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا ہے اور اس نیٹ ورک کے اہم ملزم کو گرفتار کر لیا ہے ۔
این آئی اے نے کہا کہ اسے ملک کی شمال مشرقی ریاستوں میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی اسلحہ اور گولہ بارود سپلائی کرنے والے نیٹ ورک کے آپریشن کے بارے میں اطلاع ملی تھی۔ جس کے بعد اس پر کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو جمعرات کو میزورم کے آیزول سے گرفتار کیا گیا۔
ایجنسی نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ ملزم دوسروں کے ساتھ نہ صرف شمال مشرقی ریاستوں میں بلکہ سرحد پار سے بھی اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کی اسمگلنگ میں ملوث تھا۔
این آئی اے نے بتایا کہ ملزم کا نام لنگائی ہوما ہے اور وہ میزورم کا رہنے والا ہے ۔ اس نے بین الاقوامی سرحد کے اس پار قائم غیر قانونی ہتھیاروں کی اسمگلنگ گروپوں سمیت مختلف کارندوں کے ساتھ مل کر کام کیا تھا۔
اسلحہ اور گولہ بارود اسمگل کرنے والے گروہ کا مرکزی ملزم اس سے قبل ملک اور بیرون ملک مختلف دہشت گرد گروپوں میں ہارڈ ویئر بھی تقسیم کر چکا ہے ۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ان غیر قانونی ہتھیاروں اور دھماکہ خیز مواد کو مختلف علاقوں میں پرتشدد اور مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے ۔این آئی اے نے کہا کہ اس معاملے میں پوچھ گچھ جاری ہے ۔