نئی دہلی//
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما لال کرشن اڈوانی کو بھارت کے سب سے بڑے شہری اعزاز بھارت رتن سے نوازا جائے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ لال کرشن اڈوانی ہمارے دور کے سب سے قابل احترام سیاست دانوں میں سے ایک ہیں اور ہندوستان کی ترقی میں ان کا تعاون یادگار ہے۔
مودی نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ لال کرشن اڈوانی جی کو بھارت رتن سے نوازا جائے گا۔ ’’میں نے بھی ان سے بات کی اور انہیں یہ اعزاز ملنے پر مبارکباد دی‘‘۔
اڈوانی اٹل بہاری واجپئی حکومت میں نائب وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، اس کے علاوہ کئی وزارتوں کی سربراہی بھی کر چکے ہیں۔ وہ ۱۹۷۰؍اور ۲۰۱۹ کے درمیان پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے رکن رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا’’ان کی زندگی نچلی سطح پر کام کرنے سے لے کر نائب وزیر اعظم کی حیثیت سے ملک کی خدمت کرنے تک شروع ہوئی۔ انہوں نے خود کو ہمارے وزیر داخلہ اور اطلاعات و نشریات کے وزیر کے طور پر بھی نمایاں کیا۔ ان کی پارلیمانی مداخلت ہمیشہ مثالی رہی ہے، جو وسیع بصیرت سے بھری ہوئی ہے‘‘۔
مودی نے بی جے پی کے سابق صدر کی سیاسی اخلاقیات میں’مثالی معیار‘ قائم کرنے کے لئے بھی تعریف کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ عوامی زندگی میں اڈوانی جی کی دہائیوں طویل خدمات شفافیت اور دیانت داری کیلئے غیر متزلزل عزم کی علامت ہیں اور سیاسی اخلاقیات میں ایک مثالی معیار قائم کرتی ہیں۔ انہوں نے قومی اتحاد اور ثقافتی احیاء کو آگے بڑھانے کے لئے بے مثال کوششیں کی ہیں۔
مودی نے کہا کہ یہ ان کیلئے بہت جذباتی لمحہ ہے کہ اڈوانی کو بھارت رتن سے نوازا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اڈوانی کو بھارت رتن سے نوازنا میرے لئے بہت جذباتی لمحہ ہے۔ میں اسے ہمیشہ اپنا اعزاز سمجھوں گا کہ مجھے ان کے ساتھ بات چیت کرنے اور ان سے سیکھنے کے بے شمار مواقع ملے۔