جموں/26 جنوری
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے ماحول کو ختم کرنے اور ہمسایہ ملک سے پراکسی وار کا مقابلہ کرنے کی کوششیں بغیر کسی وقفے کے جاری رہیں گی۔
جموں میں 75 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر اپنی تقریر میں ایل جی نے کہا کہ جی 20 سربراہ اجلاس کے کامیاب اختتام نے ایک طرف پوری دنیا کو جموں و کشمیر کی معاشی طاقت ، کاروباری صلاحیتوں ، ثقافتی خوشحالی اور سیاحت کے امکانات سے واقف کرایا اور دوسری طرف دہشت گردوں اور انسانیت کے دشمنوں کو زبردست دھچکا پہنچایا۔
ایل جی نے کہا کہ انتظامیہ تمام پنچایتوں اور شہری بلدیاتی اداروں میں بروقت انتخابات کرانے کےلئے پوری طرح تیار ہے ، لیکن ریزرویشن کو بڑھانے اور معقول بنانے کی آئینی ذمہ داریوں کی وجہ سے اس عمل میں تھوڑی تاخیر ہوئی ہے۔
سنہا نے کہا کہ میں سب کو یقین دلاتا ہوں کہ وزیر اعظم کی قیادت میں جموں و کشمیر میں ایک مضبوط تین سطحی پنچایتی راج نظام قائم کیا گیا ہے اور ہم مقامی حکومتوں کے اداروں کو بااختیار بنانے اور نچلی سطح پر حکمرانی کو مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔
ایل جی نے مزید کہا کہ یوم جمہوریہ کے موقع پر جموں و کشمیر کے 94,680 نوجوان کاروباریوں کو 1384 کروڑ روپے کی اقتصادی امداد فراہم کی گئی ہے، جو روزگار پیدا کرنے والے کے طور پر ہماری معیشت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ایل جی کاکہنا تھا”مالی سال 2021-22 سے لے کر اب تک 8.34 لاکھ نوجوانوں کو خود روزگار کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں۔ حکومت میں 31,830 عہدوں کے لئے میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کو یقینی بنایا گیا ہے اور 12,264 نئی اسامیوں کے لئے بھرتی کا عمل جاری ہے“۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 882 ہمدردانہ تقرریوں کے معاملات منظور کیے گئے ہیں، جس سے بہادر شہیدوں کے خاندانوں اور بنیادی کمانے والوں کی بے وقت موت سے متاثر ہونے والوں کو باوقار زندگی گزارنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔