جموں//
جموکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر‘ ،موج سنہا نے کہا ہے کہ ہر آنکھ سے آنسو پونچھنا اور ہر خاندان کے لئے خوشگوار اور کامیاب زندگی کو یقینی بنانا ہمارا عہد ہے۔
جموں میں ایک تقریب‘ جس میں ورچیول موڈ میں وفاقی وزیر داخلہ ‘ امت شاہ نے بھی شرکت کی‘ سے خطاب میں سنہا نے جموں و کشمیریوٹی کی مجموعی ترقی کو سب سے زیادہ ترجیح دینے کے لئے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کا شکریہ اَدا کیا۔
سنہا نے کہا کہ آج جموں وکشمیر یوٹی کے لوگوں کے لئے وقف کردہ ۱۰۰ اِی۔ بسیں جموں شہر اور منسلک علاقوں میں سمارٹ موبلیٹی کو تبدیل کریں گی اور شہریوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنائیں گی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ آج ۸۸۵ ہمدردانہ تقرری نامے جاری کئے گئے جو شہداکے اہل خانہ اور محنتی ملازمین کو باوقار زندگی گزارنے کو یقینی بنانے کیلئے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔
ایل جی نے جموں و کشمیر کے عوام کو یقین دِلایا کہ وہ باقی معاملوں کی ہمدردانہ تقرریوں کے عمل کو تیز کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ’’ہر آنکھ سے آنسو پونچھنا اور ہرکنبے کے لئے خوشگوار اور کامیاب زندگی کو یقینی بنانا ہمارا عزم ہے۔‘‘
اِ س موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے سماج کے ہر طبقے بالخصوص جموں کشمیر کے نوجوانوں کو سماجی و اِقتصادی طور پر بااِختیار بنانے کے لئے جموں وکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔
سنہا نے کہا کہ۲۴جنوری کو ایک ہی دن میں۹۴۶۸۰ نوجوانوں کو فراہم کردہ اَنٹرپرینیورشپ اور خود روزگار کے مواقع نے جموں و کشمیر کی تاریخ میں ایک سنہری باب رقم کیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ترجیحی بنیادوں پر اور شفاف بھرتیوں نے جموں و کشمیر کے باصلاحیت نوجوانوں کو اَپنی تقدیر خود بنانے کے قابل بنایا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اگست ۲۰۱۹ ء کے بعد۳۱ہزار۸۳۰ تقرریاں کی گئیں اور۱۲ہزار۲۶۴؍اَسامیوں کے لئے بھرتیوں کا عمل جاری ہیں۔
ایل جی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی رہنمائی میں ہم جموں و کشمیر کے لوگوں کی صلاحیتوں اور خوابوں کو پورا کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔
مرکزی وزیر ہیوی اِنڈسٹریز ڈاکٹر مہندر ناتھ پانڈے، رُکن پارلیمان جُگل کشور شرما اور اِنجینئر غلام علی کھٹانہ،مرکزی داخلہ سیکرٹری اَجے کمار بھلہ ،چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، مرکزی حکومت اور جموںوکشمیر یوٹی کی اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران ذاتی طور پر اور بذریعہ ورچیول موڈ موجود تھے ۔