سرینگر//
جموں کشمیر انتظامیہ نے یونین ٹیریٹری کے تمام اسکولوں کو یوم جمہوریہ کو جوش و خروش کے ساتھ منانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
انتظامیہ نے اسکولوں کے منتظمین کو ہدایت دی ہے کہ وہ ۲۶جنوری کو منعقد ہونے والی ان تقاریب کی ویڈیو اور تصویری ثبوت ای میل کے ذریعے انتظامیہ کو بھیجیں۔
ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے: ’’تمام تعلیمی اداروں کے سربراہان سے زور دیا جاتا ہے کہ وہ ۲۶ جنوری کو یوم جمہوریہ کو پورے جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منائیں، تمام اداروں میں قومی پرچم کو عزت کے ساتھ لہرائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام عملہ موجود رہے۔‘‘
ضلع پلوامہ کے چیف ایجوکیشن آفیسر نے ضلع کے تمام تعلیمی اداروں کو ہدایات جاری کیں: ’’۲۶ جنوری کو ضلع سطح کے پروگرام سے ایک گھنٹہ پہلے اسکول کی سطح پر پروگرام منائیں اور پھر زونل لیول، بلاک لیول، تحصیل لیول یا ضلع لیول کے پروگراموں میں شرکت کو یقینی بنائیں۔‘‘ انہوں نے اسکولوں کے پرنسپلز سے کہا ہے کہ ’’یوم جمہوریہ کے دن تقریب کے ہائی ریزولوشن ویڈیو کلپس اور تصاویر آفیشل میل کے ذریعے اس دفتر کو بھیجیں۔‘‘
کشمیر وادی کے دیگر اضلاع میں بھی تمام اسکولوں کو اسی طرح کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کشمیر وادی کے تمام اضلاع میں یوم جمہوریہ کی تقریبات منعقد کی جائیں گی اور ان دنوں انٹرنیٹ سروس معطل نہیں کی جائے گی اور نہ ہی لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندیاں عائد ہوں گی۔
ڈویڑنل کمشنر کشمیر وجے کمار بدوری نے اس ضمن کہا’’ہم لوگوں کو یوم جمہوریہ کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں اور ان کے لیے سکیورٹی پاس کی ضرورت نہیں ہوگی۔‘‘
منتخب نمائندوں کی عدم موجودگی میں پولیس اہلکار اور ضلع کمشنر یوم جمہوریہ کی تقریبات منعقد کریں گے۔