جموں/۱۳مئی
چاڈورہ میں مشتبہ جنگجووں کے ہاتھوں مارے گئے کشمیری پنڈت ملازم کی جموں میں آخری رسومات ادا کی گئی ۔
صوبائی کمشنر جموں ، اے ڈی جی پی اور ڈپٹی کمشنر نے آخری رسومات میں شرکت کی۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ چاڈورہ میں جمعرات کے روز کشمیر ی پنڈت ملازم راہول بٹ کی بن تالاب جموں میں آخری رسومات ادا کی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار، اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ اور ڈپٹی کمشنر جموں اوینی لاوسا بھی اس موقع پر موجود رہی ۔
اُن کے مطابق لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے راہول بھٹ کی آخری رسومات میں شرکت کی جس دوران رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے ۔
اس موقع پر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کشمیری پنڈتوں نے کہاکہ وادی میں تعینات کشمیری پنڈت ملازموں کو فوری طورپر سیکورٹی فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔
کشمیری پنڈت نے مطالبہ کیا کہ سیکورٹی کیمپوں ، پولیس تھانوں کے نزدیک ہی کشمیری پنڈتوں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے تاکہ شر پسند عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایاجاسکے ۔
مذکورہ کشمیری پنڈت نے بتایا کہ ہمیں ٹارگیٹ کلنگ کا نشانہ بنا یاجارہا ہے اور انتظامیہ نے اس حوالے سے معنی خیز خاموشی اختیار کی ہوئی ہے ۔
راکیش بھٹ نامی کشمیری پنڈت نے اس موقع پر بتایا کہ کشمیری پنڈتوں کو جموں میں ہی رہائشی سہولیات فراہم کی جائیں کیونکہ کشمیر جانا اُن کے لئے اب جان لیوا ثابت ہو رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ راہول بھٹ کی ہلاکت سے پوری کشمیری پنڈت کیمونٹی گہرے صدمے میں ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیر میں جتنے بھی پنڈت ملازم ہیں انہیں فوری طورپر جموں روانہ کیا جائے ۔