نئی دہلی//
سینئر ترین الیکشن کمشنر راجیو کمار کو الیکشن کمیشن آف انڈیا کا نیا چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا ہے ۔
مرکزی وزارت قانون و انصاف نے جمعرات کو یہاں جاری ایک ریلیز میں یہ اطلاع دی۔ وزارت نے بتایا کہ کمار کی تقرری۱۵مئی سے نافذ ہوگی۔ وہ سبکدوش ہونے والے چیف الیکشن کمشنر سشیل چندرا کی جگہ لیں گے ۔ چندرا کی میعاد۱۴مئی کو ختم ہو رہی ہے ۔
قانون و انصاف کے مرکزی وزیر کرن رجیجو اور وزارت میں وزیر مملکت ایس پی سنگھ بگھیل نے کمار کو نیک خواہشات دی ہیں۔
کمار۱۹۸۴بیچ کے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسر ہیں۔ انہوں نے ستمبر۲۰۲۰کو الیکشن کمیشن میں الیکشن کمشنر کا چارج سنبھالا تھا۔ اس سے پہلے وہ انٹرپرائز سلیکشن بورڈ کے چیئرمین تھے ۔ وہ اپریل۲۰۲۰میں چیئرمین پی ای ایس بی کی حیثیت سے شامل ہوئے تھے ۔
فروری۲۰۲۰میں انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس سے ریٹائر ہوئے تھے ۔
الیکشن کمیشن کے مطابق۱۹فروری۱۹۶۰کو پیدا ہوئے اور بی ایس سی، ایل ایل بی، پی جی ڈی ایم اور ایم اے پبلک پالیسی میں ڈگریاں حاصل کرنے والے مسٹر کمار نے۳۶سال تک سماجی شعبے ، ماحولیات اور جنگلات، انسانی وسائل، مالیات اور بینکنگ کے شعبوں میں مرکز اور ریاست کی مختلف وزارتوں میں کام کیا ہے ۔