نئی دہلی//
فضائیہ کا سی۲۹۵کارگو طیارہ پہلی بار یوم جمہوریہ کے موقع پر راج پتھ پر اپنا جوہر دکھائے گا۔
فضائیہ کے ترجمان نے جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس میں بتایا کہ دیسی ساختہ سی۲۹۵کارگو طیارہ پہلی بار یوم جمہوریہ کے موقع پر منعقد ہونے والے فلائی پاسٹ میں حصہ لے گا۔
ترجمان نے کہا کہ پریڈ میں تینوں افواج کی خواتین اگنی ویروں کا دستہ بھی شامل ہوگا، جس میں فضائیہ کی۴۸ خواتین اگنی ویر شامل ہوں گی۔
فضائیہ کے دستے کی قیادت اسکواڈرن لیڈر رشمی ٹھاکر کریں گی۔ ان کے ساتھ اسکواڈرن لیڈر سومیتا یادو، پرتیتی اہلووالیہ اور فلائٹ لیفٹیننٹ کیرتی روہیل بھی ہوں گی۔
فلائی پاسٹ میں کل۵۱طیارے حصہ لیں گے جن میں سے۲۹لڑاکا طیارے‘۸ٹرانسپورٹ طیارے اور۱۳ہیلی کاپٹر ہوں گے ۔
اس دوران فضائیہ کے لڑاکا طیارے تینگل فارمیشن بنائیں گے جو۱۹۷۱کی جنگ کی یاد دلاتا ہے ۔ راج پتھ پر ہونے والے فلائی پاسٹ میں فضائیہ کی خواتین فائٹر پائلٹس بھی اپنی مہارت کا مظاہرہ کریں گی۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی فضائیہ کو۱۵ستمبر کو ہی اسپین سے پہلا سی۲۹۵کارگو طیارہ ملا تھا۔ ہندوستان نے اسپین کے ساتھ۵۶سی۲۹۵طیاروں کا معاہدہ کیا ہے جن میں سے اسے۱۶تیار حالت میں ملیں گے جبکہ باقی۴۰ طیاروں کو ملک میں ہی وڈودرا میں تیار کیا جائے گا۔