بارہمولہ//
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو کہا کہ دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کیلئے ریزرویشن نافذ ہونے کے بعد مرکز کے زیر انتظام علاقے میں پنچایت اور شہری بلدیاتی انتخابات یقینی طور پر کرائے جائیں گے۔
سنہا نے الزام عائد کیا کہ جن لوگوں نے اپنے دور حکومت میں بلدیاتی اداروں کو فنڈز سے محروم کیا تھا وہ اب اس معاملے پر سیاست کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ صورتحال واپس آئے لیکن ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے۔
ایل جی نے کہا’’میں اپنے ان ساتھیوں کو بتانا چاہتا ہوں جو پنچ، سرپنچ اور یو ایل بی کے نمائندے تھے ‘ ریاستی تنظیم نو قانون نافذ ہونے کے بعد، دیگر پسماندہ طبقات کا ریزرویشن ایک آئینی ضرورت تھی اور انتظامیہ نے یہ عمل شروع کر دیا ہے‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ اس عمل کو مکمل کرنے کے بعد جموں و کشمیر میں یو ایل بی اور پنچایت انتخابات یقینی طور پر منعقد ہوں گے۔ میں اس بات پر زور دینا چاہتا ہوں کہ وہ یقینی طور پر منعقد ہوں گے‘‘۔
ایل جی شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کے نام پر ایک اسٹیڈیم کا افتتاح کرنے کے بعد ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔
سنہا نے کہا کہ کچھ لوگ انتخابات کے انعقاد میں تاخیر پر سیاست کر رہے ہیں لیکن لوگ ان کے ارادوں کو جانتے ہیں۔انہوں نے کہا’’کچھ لوگ اس معاملے پر سیاست کر رہے ہیں۔ جن لوگوں نے یو ایل بی اور پنچایتوں کا گلا گھونٹا تھا، انہیں اب یاد کرنا شروع کر دیا ہے۔ میں کچھ نہیں کہنا چاہتا لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہاں کے لوگا اچھی طرح جانتے ہیں کہ وہ لوگ کون ہیں اور ان کے ارادے کیا ہیں‘‘۔
ایل جی نے کہا’’وہ چاہتے ہیں کہ پنچایتیں اسی حالت میں واپس آئیں اور سب کچھ ان کے ذریعے ہونا چاہیے، لیکن میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے عوام بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ یوم جمہوریہ کی تقریبات میں حصہ لیں اور ترنگا لہراتے رہیں۔
ایل جی نے کہا’’میں آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ ’جھنڈا اونچا رہے ہمارا‘ پروگرام میں بڑی تعداد میں شرکت کریں۔ میں چاہتا ہوں کہ بارہمولہ کا آسمان ترنگا سے بھر جائے۔‘‘
سنہا نے کشمیر میں برف باری کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ بجلی پروجیکٹوں کے چلنے اور شعبہ سیاحت کی ترقی کیلئے برف باری انتہائی ضروری ہے ۔
ایل جی نے کہا کہ سال گذشتہ۱۳لاکھ سیاحوں نے گلمرگ کی سیر کی جہاں برف باری سیاحوں کی دلچسپی کا خاص مرکز ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’کشمیر میں فی الوقت خشک موسمی صورتحال ہے میں برف باری کے لئے دعا کرتا ہوں کیونکہ برف باری ہمارے بجلی پروجیکٹوں کے چلنے کے لئے ضروری ہے بصورت دیگر وہ بند ہوں گے ‘‘۔
ایل جی کا کہنا تھا’’شعبہ سیاحت کی ترقی کے لئے بھی برف باری لازمی ہے ‘‘۔ سنہا نے کہا کہ سال گذشتہ ۱۳لاکھ سیاحوں نے گلمرگ کی سیر کی جہاں برف باری سیاحوں کی دلچسپی کا خاص مرکز ہے ۔
سنہانے کہا’’ضلع بارہمولہ میں۶نئے سیاحتی مقامات کو شامل کیا گیا ہے لیکن برف باری نہ ہونے کی صورت میں سیاح دور رہ سکتے ہیں‘‘۔
(ایجنسیاں)