سرینگر//
جموں و کشمیر سے۲۰۲۴ میں سالانہ حج کیلئے عازمین کے انتخاب کیلئے کوئی قرعہ اندازی نہیں ہوگی کیونکہ تعداد کم ہونے کی وجہ سے تمام درخواست دہندگان کا انتخاب خود بخود ہو جائے گا۔
ایک قابل ذکر پیش رفت میں، آئندہ حج سیزن میں ایسی کوئی قرعہ اندازی نہیں ہوگی، کیونکہ درخواست دہندگان کی تعداد محض۷۸۰۰ ہے‘ جبکہ جموں کشمیر کے لیے مختص نشستیں۱۱ہزار سے زیادہ ہیں۔
ایگزیکٹیو آفیسر جموں و کشمیر حج کمیٹی، شجاعت احمد قریشی نے نے کہا۹۵۰۰ نشستوں کے مختص کوٹہ اور اضافی۲۰۰۰ نشستوں کے باوجودموصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد۱۵ جنوری تک محض۷۸۰۰ہے جو کہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ ہے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ پہلی بار، تمام درخواست دہندگان کو قرعہ اندازی کی ضرورت کے بغیر حج پر جانے کی اجازت ہو گی۔
قریشی نے انکشاف کیا کہ۲۰۲۴میں حج کیلئے پہلی پرواز۹مئی کو سرینگر ایمبریکیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والی ہے۔جب درخواستوں میں کمی کے بارے میں پوچھا گیا تو، ایگزیکٹو آفیسر نے اس کی وجہ بنیادی طور پر مالی رکاوٹوں کو قرار دیا، اور حج کے اخراجات میں اضافے کو ایک اہم رکاوٹ قرار دیا۔
قریشی نے کہا کہ اس سال حج کے لیے حتمی شرح کا اعلان ہونا باقی ہے، ہوائی ٹکٹوں اور دیگر متعلقہ سرگرمیوں کے لیے ٹینڈرز کا اختتام ہونا بھی باقی ہے۔