سرینگر//
جموں وکشمیر پولیس نے جنوبی ضلع کولگام کے کھڈونی گاوں میں بدنام زمانہ منشیات فروش کی لاکھوں روپیوں کی غیر منقولہ جائیداد کو منسلک کر دیا۔
پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے ضبطی/منسلکی مہم کے تحت جنوبی ضلع کولگام کے کھڈونی کیموہ گاوں میں منشیات فروش کی غیر منقولہ جائیداد کو قرق کیا۔
ترجمان نے کہا’’معشوق احمد شیخ ولد غلام قادر شیخ ساکن کھڈونی کیموہ کولگام نامی منشیات فروش کے دو منزلہ رہائشی مکان کو این ڈی ڈی پی ایس ایکٹ۱۹۸۵کے تحت منسلک کردیا گیا‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ منشیات فروش پولیس اسٹیشن کیموہ میں درج کیس میں ملوث ہے ۔
پولیس بیان میں کہا گیا’’کولگام پولیس کی طرف سے کی گئی تحقیقات کے مطابق اس جائیداد کی نشاندہی غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی جائیداد کے طور پر ہوئی‘‘۔
بیان میں کہا گیا’’یہ جائیداد پہلی نظر میں مالک کی طرف سے منشیات اور سائیکو ٹراپک مواد کی غیر قانونی سمگلنگ سے حاصل کی گئی ہے ‘‘۔
بیان کے مطابق یہ آپریشن کولگام پولیس کے منشیات کی بدعت کے خلاف جنگ کیلئے پر عزم ہونے کا عکاس ہے ۔
دریں اثنا مقامی لوگوں نے بھی پولیس کی اس کارروائی کو خوب سراہتے ہوئے کہا کہ منشیات فروش کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانا اب ناگزیر بن گیا ہے ۔
اس دوران شمالی ضلع بارہمولہ میں پولیس نے انتہائی مطلوب منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے برون شوگر برآمد کرکے ضبط کیا ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ دلنہ پولیس نے جوہامہ مارکیٹ کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران مشتبہ نوجوان کی جامہ تلاشی کے دوران۲۷۰گرام برون شوگر برآمد کیا۔
منشیات فروش کی شناخت محمد ایوب شاہ ولد عبدالخالق ساکن لڈورا رفیع آباد کے بطور ہوئی ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار منشیات فروش پولیس کو انتہائی مطلوب تھا اور اس کی کافی عرصہ سے تلاش تھی۔
دریں اثنا پولیس نے ایک دفعہ پھر عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلع کریں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی سماج کیلئے ناسور بن چکی ہے لہذا اس کا قلع قمع کرنے کی خاطر ہر ایک کو اپنا دست تعاون فراہم کرنا چاہئے ۔