لکھنو//
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے پیر کو کہا کہ ان کی حکومت مسلح افواج کی مضبوطی اور خدمات انجام دینے والے افوان کے ساتھ ہی سابق افواج کے بہبود کیلئے پوری طرح کمر بستہ ہے ۔
لکھنو میں۷۶ویں یوم فوج پر وزیر دفاع نے کہا کہ آرمی‘ نیوی اور ائیر فورس ڈے کو دہلی کے باہر بنانے کی سوچ ملک کی روایت اور فوجی پیش رفت کو لوگوں تک لے جانا ہے ۔ ہماری فوج نئے ایجادات کے ذریعے مثبت تبدیلی لانے کے ساتھ ساتھ روایت پر بھی توجہ مرکوز کرتی ہے ۔
مسلح افواج کو مضبوط بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ بغیر کسی ہچکچاہٹ کے وزارت دفاع کی طرف سے مانگے گئے فنڈز جاری کرتی ہے جو کہ فوجیوں کے تئیں حکومت کی لگن کی علامت ہے ۔حکومت نہ صرف حاضر سروس فوجیوں بلکہ ریٹائرڈ فوجیوں کی بہبود کے لیے پوری طرح پرعزم ہے ۔ فوجیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے جس میں’ون رینک ون پنشن‘اسکیم، صحت کی دیکھ بھال اور دوبارہ روزگار کے مواقع فراہم کرنا شامل ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ملکی سلامتی میں سابق فوجیوں کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا اور ان کا احترام کرنا عوام کی اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے ۔
اس موقع پر سنگھ نے پہلے دن کا پوسٹل کور بھی لانچ کیا۔لکھنو چھاؤنی میں آج ۷۶ویں آرمی ڈے کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر ایک فوجی اور جنگی نمائش’شوریہ سندھیا‘کا اہتمام کیا گیا۔
اس پروگرام میں وزیر دفاع کے علاوہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انل چوہان، آرمی چیف آف اسٹاف جنرل منوج پانڈے سمیت کئی معززین نے شرکت کی۔