سرینگر/15جنوری
منشیات فروشوں کے خلاف شکنجے کو مزید کستے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے جنوبی ضلع کولگام کے کھڈونی گاوں میں بدنام زمانہ منشیات فروش کی لاکھوں روپیوں کی غیر منقولہ جائیداد کو منسلک کر دیا۔
پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے ضبطی/منسلکی مہم کے تحت جنوبی ضلع کولگام کے کھڈونی کیموہ گاوں میں منشیات فروش کی غیر منقولہ جائیداد کو قرق کیا۔
ترجمان نے کہا”معشوق احمد شیخ ولد غلام قادر شیخ ساکن کھڈونی کیموہ کولگام نامی منشیات فروش کے دو منزلہ رہائشی مکان کو این ڈی ڈی پی ایس ایکٹ 1985کے تحت منسلک کردیا گیا“۔
ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ منشیات فروش پولیس اسٹیشن کیموہ میں درج کیس میں ملوث ہے ۔پولیس بیان میں کہا گیا”کولگام پولیس کی طرف سے کی گئی تحقیقات کے مطابق اس جائیداد کی نشاندہی غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی جائیداد کے طور پر ہوئی“۔
بیان میں کہا گیا”یہ جائیداد پہلی نظر میں مالک کی طرف سے منشیات اور سائیکو ٹراپک مواد کی غیر قانونی سمگلنگ سے حاصل کی گئی ہے “۔
بیان کے مطابق یہ آپریشن کولگام پولیس کے منشیات کی بدعت کے خلاف جنگ کے لئے پر عزم ہونے کا عکاس ہے ۔
دریں اثنا مقامی لوگوں نے بھی پولیس کی اس کارروائی کو خوب سراہتے ہوئے کہا کہ منشیات فروش کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانا اب ناگزیر بن گیا ہے ۔