کراچی//
پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کی خراب فارم پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں صرف ان کے لیے دعا ہی کر سکتا ہوں۔
واضح رہے کہ ویرات کوہلی اس وقت اپنے کیریئر کی بدترین فارم میں ہیں، میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ پچھلے دو سے ڈھائی سال کے دوران کسی بھی فارمیٹ میں بمشکل ہی کوئی سنچری بناسکے ہیں۔
جہاں کوہلی کی فارم کو لے کر ان کے مداح پریشان اور ناقدین انہیں تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں وہیں محمد رضوان نے بھی اس پر تبصرہ کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ویرات اپنی فارم کو دوبارہ حاصل کرلیں گے۔
اپنے انٹرویو کے دوران محمد رضوان کا کہنا تھا کہ میں یہ کہوں گا کہ ویرات کوہلی ایک چیمپئن کھلاڑی ہیں، لیکن اس وقت ہم ان کے لیے دعا ہی کرسکتے ہیں کیونکہ وہ ایک محنتی کھلاڑی ہیں۔
خیال رہے کہ ویرات کوہلی نے بھارت کی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کپتانی چھوڑی لیکن اس کے بعد انہیں ون ڈے فارمیٹ کی کپتانی سے بھی محروم کردیا گیا۔
ان کے برے وقت پر محمد رضوان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت آتے ہیں اور چیزیں آسان بھی ہوجاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی سنچری اسکور کرتا ہے اور پھر مسلسل صفر پر بھی آؤٹ ہوتا ہے، یہ سب اسی طرح چلتا رہتا ہے۔
رضوان کا کہنا تھا کہ میں ان کے لیے صرف دعا ہی کرسکتا ہوں اور پُرامید ہوں کہ وہ اپنی محنت کے ذریعے ان تمام چیزوں پر قابو پالیں گے۔
خیال رہے کہ ویرات کوہلی نے اپنے 15 سالہ کیریئر میں پہلی بار آئی پی ایل کے ایک ہی سیزن میں 3 مرتبہ گولڈن ڈکس (پہلی گیند پر صفر پر آؤٹ) لیے۔