جموں//
لیفٹیننٹ گورنر‘منوج سنہا نے آج سینئر افسران ، ڈپٹی کمشنروں ‘ایس ایس پیز کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی اور جموں ڈویڑن میں ترقی اور سلامتی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
میٹنگ میں منشیات اسمگلروں، منشیات کے ہاٹ اسپاٹس اور سرحد پار اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کیلئے جامع حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے بنیادی ڈھانچے کے اہم پروجیکٹوں کی صورتحال اور صنعتوں کی سہولت کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ذریعہ اٹھائے گئے اقدامات ، سرکاری اسکیموں کی تکمیل ، ہولسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام کے نفاذ اور سیاحت کے فروغ کا بھی جائزہ لیا۔
سنہا نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ تمام سرحدی گاؤں میں اسکیموں کی تکمیل کو یقینی بنائیں اور تمام پنچایتوں کے نوجوانوں کو خود روزگار اور کاروباری مواقع سے جوڑیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ بلاک دیوس ، تھانہ دیوس اور دیگر جن ابھیان پروگراموں کی باقاعدگی سے نتائج کی رپورٹ تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ شکایات کا معیاری ازالہ اور عوامی خدمات کی موثر فراہمی ہر سطح پر انتظامیہ کی ترجیح ہونی چاہئے۔
اس میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر‘راجیو رائے بھٹناگر ‘ اٹل ڈولو، چیف سکریٹری‘ آر کے گوئل، ایڈیشنل چیف سکریٹری، محکمہ داخلہ‘ آر آر سوائن، ڈی جی پی، دیگر سینئر افسران، انتظامی سکریٹری۔ ڈی آئی جیز، ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیزنے شرکت کی۔