بھوپال// صدر جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو نے آج مدھیہ پردیش کے اندور کو مسلسل ساتویں بار ملک کے صاف ترین شہر کا خطاب حاصل کرنے کے لیے سوچھ سرویکشن ایوارڈ تقریب میں مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کو اعزاز سے نوازا۔
نئی دہلی میں منعقدہ اس تقریب میں مدھیہ پردیش نے ملک کی صاف ستھری ریاستوں کے زمرے میں دوسرا مقام حاصل کیا۔ اس دوران ریاستی حکومت کے شہری ترقی اور مکانات کے وزیر کیلاش وجے ورگیہ، ریاستی وزیر پرتیما باگری اور اندور کے میئر پشیامترا بھارگو بھی موجود تھے ۔
اندور کے ساتھ ساتھ سورت بھی مشترکہ طور پر نمبر 1 پر ہے ۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے مدھیہ پردیش اور اندور کے لوگوں کو ساتویں بار صفائی سروے میں پہلے نمبر پر آنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اندور کے لوگوں نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ صفائی نہ صرف ان کی عادت بن چکی ہے ، بلکہ اب ان کی سوچ میں بھی صفائی ستھرائی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وہ ریاست کے تمام لوگوں، صفائی کے کام میں لگی پوری ٹیم، مقامی عوامی نمائندوں کو اس بڑی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہیں اور اپیل کرتے ہیں کہ صفائی کے تئیں ہر کسی کا جذبہ کبھی کم نہ ہو۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مدھیہ پردیش بابائے قوم مہاتما گاندھی کے صاف ہندوستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے لئے گئے عہد کو پورا کرنے کے لئے ہمیشہ پرعزم ہے ۔
ڈاکٹر یادو نے اس کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پوسٹ کیاکہ وہ اس کامیابی کے لئے مدھیہ پردیش کے تمام لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی یقین ظاہر کیا کہ مدھیہ پردیش وزیر اعظم نریندر مودی کی ‘سوچھ بھارت ابھیان’ کے مہایگ میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔