سرینگر/۱۲ مئی
اگلے سال کے آخر تک کشمیر کو ریلوے لنک کے ذریعے ملک کے باقی حصوں سے جوڑ دیا جائے گا۔
یہ جانکاری منیجر ناردرن ریلوے ( این آر ) آشوتوش گنگل نے آج چیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا سے ملاقات کے دوران فراہم کی ۔ ڈاکٹر مہتا کواودھمپور، سرینگر ، بارہمولہ ریلوے لنک ( یو ایس بی آر ایل ) پر جاری کاموں کی صورتحال سے آگاہ کیا ۔
جی ایم ناردرن ریلوے نے چیف سیکریٹری کو ان کاموں کے بارے میں آگاہ کیا جو مکمل ہو چکے ہیں یا تکمیل کے قریب ہیں ، کام جاری ہیں اور اس منصوبے کو جلد از جلد لوگوں کے نام وقف کرنے کیلئے مقررہ وقت کی پابندی کے بارے میں بتایا ۔
چیف سیکریٹری کو بتایا گیا کہ امید ہے کہ۲۰۲۳ کے دوران وادی کشمیر جموں اور ملک کے باقی حصوں سے منسلک ہو جائے گی جس سے وادی کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ ریل کے ذریعے موثر رابطہ فراہم کیا جائے گا ۔ ہمہ موسمی اور لاگت سے موثر رابطہ جموں و کشمیر کی معیشت کیلئے ایک اعزاز ثابت ہو گا ۔
چیف سیکریٹری کو کٹڑا ۔ بانہال سیکشن کے درمیانی ۱۱۱ کلو میٹر پر کام کے بارے میں بتایا گیا جو مشکل اور ناگوار خطوں کے باوجود زوروں پر چل رہا ہے ۔
جموں و کشمیر کے خطے کو باقی ہندوستان سے جوڑنے کے سلسلے میں ریلوے کے کام کی تعریف کرتے ہوئے ڈاکٹر مہتا نے کہا کہ ریلوے لائین خطے کی مجموعی ترقی اور خوشحالی کیلئے ایک سنگِ میل ہے جو تیزی سے صنعت کاری ، خام مال کی نقل و حرکت ، تجارت اور سیاحت کو فروغ دینے کے علاوہ روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار نبھائے گی ۔
ڈاکٹر مہتا نے دی گئی ٹائم لائین کے اندر پروجیکٹ کو مکمل کرنے کیلئے یو ٹی انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔
جنرل منیجر این آر نے بھی چیف سیکرٹری کا یو ٹی انتظامیہ کے تعاون کیلئے شکریہ ادا کیا ۔