سرینگر/۱۲ مئی
وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے تحصیل دفتر چاڈورہ میں جمعرات کی دوپہر کو مشتبہ جنگجوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک ملازم ہسپتال میں دم تو ڑ بیٹھا۔
سرکاری ذرائع کے حوالے سے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ راہل بٹ کے نام سے شناخت کیے گئے ملازم نے ایس ایم ایچ ایس اسپتال میں آخری سانس لی جہاں اسے حملے کے بعد داخل کیا گیا تھا۔
واقعہ کے بعد حملہ آوروں کو پکڑنے کیلئے تلاشی مہم شروع کی گئی۔
اس سے پہلے سرکاری ذرائع نے کہا تھا کہ جمعرات کی سہ پہر کوتحصیل آفس چاڈورہ میں تعینات ملازم راہول بٹ پر مشتبہ جنگجووں نے نزدیک سے گولیاں چلائیں جس وجہ سے وہ خون میں لت پت ہو کر نیچے گرپڑا۔
ذرائع نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمی ملازم کو سب ضلع ہسپتال چاڈورہ پہنچایا جہاں ابتدائی مرہم پٹی کے بعد اُس سے صدر ہسپتال سرینگر ریفر کیا گیا جہاں پر اُس کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے ۔
بلاک میڈیکل آفیسر چاڈورہ‘ ڈاکٹر دلیرنے یو این آئی اردو کو بتایاکہ جمعرات کی سہ پہر کو ہسپتال میں راہول بٹ نامی ملازم کو زخمی حالت میں لایا گیا اور اُس کے جسم کے مختلف حصوں میں۴گولیاں لگی ہیں۔
ڈاکٹر دلیر نے بتایاکہ زخمی شخص کی پیٹھ میں دو گولیاں، دائیں بازو میں ایک اور کان میں بھی ایک گولی لگی ہیں اور اُس کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ فوج ، پولیس اور سی آر پی ایف نے چاڈورہ اور اُس کے ملحقہ علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے ۔