سرینگر//
منیجنگ ڈائریکٹر کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل) مسرت اسلام نے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ بجلی کے واجبات کی مد میں اَپنے بقایا جات کی ادائیگی کریں اور ایسا نہ کرنے پر کے پی ڈی سی ایل کے پاس بجلی ایکٹ کی دفعہ ۵۶کے تحت کنکشن کاٹنے کی مہم کو مزید تیز کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہوگا۔
اسلام نے مزید کہا کہ بقایا جات والے سمارٹ میٹر صارفین کو بجلی کے بقایا جات اَدا نہ کرنے کی صورت میں خود بخود منقطع ہو جائیں گے ۔
منیجنگ ڈائریکٹر نے گھریلو، تجارتی اور صنعتی زُمروں میں بڑے ڈیفالٹ کے اعداد و شمار پر شدید تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ زیر اِلتوأبلوں کی کلیئرنس کی وجہ سے حاصل ہونے والی آمدنی کے پی ڈی سی ایل کو بجلی کی خریداری کے لئے کافی وسائل کی دستیابی کے قابل بنائے گی جو قابل اعتماد سپلائی فراہم کے لئے اہم ہوگی ۔
اسلام نے یہ بھی کہا کہ بڑے ڈیفالٹ اعداد و شمار کارپوریشن کی مالی حالت پر اثراَنداز ہورہے ہیں کیو ں کہ یہ ری ویمپڈ ڈسٹری بیوشن سیکٹر سکیم (آر ڈی ایس ایس) کے تحت فنڈ زکو متاثر کرے گا جس کا مقصد صوبہ کشمیر میں ایل ٹی ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کو تبدیل کرنا ہے۔
منیجنگ ڈائریکٹرنے واجبات کی ادائیگی میں تمام صارفین سے تعاون کی درخواست کرتے ہوئے مزید کہا کہ بقایا جات کی وصولی کی مجبوری کو مدنظر رکھتے ہوئے کے پی ڈی سی ایل نے تمام ۱۹ الیکٹرک ڈویژنوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ نادہندگان صارفین کی کنکشن کاٹنے کی مہم کو مزید تیز کریں جو اَپنے بجلی کے واجبات بروقت اَدا نہیں کرتے ہیں۔