سرینگر/۱۰جنوری
ریاستی الیکشن کمشنر ‘بی آر شرما نے کہا ہے کہ جموں کشمیر میں پنچایت اور میونسپل انتخابات آنے والے لوک سبھا انتخابات سے پہلے ہونے کے امکانات بہت کم ہیں کیونکہ مرکز کی بلدیاتی اداروں میں دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کو ریزرویشن دینے کے قانون میں ترمیم کرنا ابھی باقی ہے۔
حالانکہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی قیادت والی ایڈمنسٹریٹو کونسل نے پنچایتوں اور میونسپل اداروں میں او بی سی کو ریزرویشن کا فائدہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، لیکن مرکز کو یا تو آرڈیننس پاس کرنا ہوگا یا اس کے لئے پارلیمنٹ میں بل لانا ہوگا۔
شرما نے کہا کہ جموں و کشمیر میں لوک سبھا انتخابات سے پہلے پنچایت انتخابات ہونے کے امکانات بہت کم ہیں۔ ریاستی الیکشن کمشنر نے کہا کہ قانون میں ترمیم کے علاوہ ریزرویشن کی مقدار کا بھی فیصلہ کیا جانا ہے۔
لوک سبھا انتخابات اپریل،مئی میں ہونے والے ہیں۔
شرما نے کہا کہ کمیشن مرکز کے زیر انتظام علاقے میں انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی اور اپ ڈیٹ کرنے کا اپنا قانونی فرض انجام دے رہا ہے۔
اس دوران انڈئن ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق پنچایتوں، شہری بلدیاتی اداروں اور جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات اس سال چند ماہ بعد ہونے والے عام انتخابات کے بعد ہی منعقد کیے جائیں گے۔
رپورٹ میںسرکاری ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ لوک سبھا انتخابات سے پہلے شہری بلدیاتی اداروں اور پنچایتوں کے انتخابات کا امکان نہیں ہے، حالانکہ جموں و کشمیر ایڈمنسٹریٹو کونسل نے۲۸دسمبر۲۰۲۳ کو جموں و کشمیر پنچایتی راج ایکٹ میں ترمیم کی تھی جو شہری اور دیہی بلدیاتی اداروں میں دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) ریزرویشن کی اجازت دیتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے” ریاستی الیکشن کمیشن جموں و کشمیر میں او بی سی ریزرویشن نہیں بڑھا سکتا تھا کیونکہ ایسا کوئی اہتمام نہیں تھا“۔ اس لئے ان انتخابات کے انعقاد میں ایک آئینی مسئلہ تھا۔ ذرائع نے وضاحت کی کہ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں جموں و کشمیر ریزرویشن (ترمیمی بل۲۰۲۳) کی منظوری کے بعد ”او بی سی ریزرویشن اب جموں و کشمیر میں انتخابات کے لئے فراہم کیا جاسکتا ہے“۔
تاہم، سرکاری ذرائع کے مطابق، بلدیاتی اور پنچایت انتخابات کو فوری طور پر کرانے کی راہ میں حائل دو مسائل یہ ہیں: ریزرو کیے جانے والے میونسپل حلقوں کی شناخت، اور آئینی دفعات کے مطابق میونسپل انتخابی عمل کو چلانے کا مینڈیٹ اب چیف الیکٹورل آفیسر سے ریاستی الیکشن کمیشن کو منتقل کرنا۔