صاحبان ‘ مہر بان‘ قدردان اور … اور نادان آج کی تازہ اور ایک دم تازہ خبر یہ ہے کہ اپنے بیگ صاحب … مظفر حسین بیگ صاحب میڈم جی… پی ڈی پی کی میڈم محبوبہ جی کی جماعت میں دد بارہ شامل ہو گئے ہیں… اکیلے نہیں ہو ئے ہیں‘ بلکہ اپنی اہلیہ محترمہ کے ساتھ شامل ہو ئے ہیں … اس خبر نے کشمیر میں کئی ایک کے تن بدن میں آگ لگا دی ہے اور… اور سو فیصد لگا دی ہے … ان کی سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ بیگ صاحب ایسا کیسے کر سکتے ہیں… بیگ صاحب ‘ پی ڈی پی میں دو بارہ کیسے شامل ہو سکتے ہیں…اب ان نا دانوں کو کون بتائے گا کہ … کہ اس میں حیران و پریشان ہونے کی کیا بات ہے… بیگ صاحب کے پی ڈی پی میں شامل ہونے پر ان کے تن بدن میں کیوں آگ لگی ہے‘ سچ چھئے تو… تو ہم حیران ہیں اور…اور پریشان بھی ۔اس لئے حیران اور پریشان ہیں کہ …کہ کیا بیگ صاحب سیاستدان نہیں ہیں‘ کیا سیاست کرنا ان کا حق نہیں ہے… کیا میڈم جی سیاستدان نہیں ہیں‘ کیا میڈم جی کی پی ڈی پی ایک سیاسی جماعت نہیںہے… اگر بیگ صاحب سیاستدان ہیں اورپی ڈی پی ایک سیاسی جماعت ہے تو…تو ایک سیاستدان سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہو گا تو… تو کسی مسجد کی انتظامیہ کمیٹی میں داخلہ حاصل کرے گا کیا ؟اس لئے وہ سارے جن کے تن بدن میں آگ لگی ہے… وہ ٹھنڈے پانی سے نہا لیں اور… اور نون چائے کا ایک کپ اپنے حلق سے نیچے اتار کر ٹھنڈے دماغ سے پوچھ لیں کہ… کہ بیگ صاحب اگر پی ڈی پی میں شامل … دو بارہ شامل ہو ئے تو… تو اس میں برا ہی کیا ہے… بیگ صاحب کو پی ڈی پی کی جتنی ضرورت تھی… اللہ میاں کی قسم اتنی ہی ضرورت پی ڈی پی کو بھی بیگ صاحب کی تھی…دونوں کو ایک دوسری کی ضرورت تھی اور… اور اسی کو سیاست کہتے ہیں… ایک دوسرے کی ضرورت کا خیال رکھنا ہی تو سیاست ہے…بیگ صاحب پی ڈی پی سے کیوں نکلے تھے اگر انہیں دو بارہ اس میں شامل ہونا تھا … میڈم جی نے انہیں کیسے دو بارہ شامل ہونے دیا… صاحب یہ سب جذباتی باتیں ہیں… اور سیاست میں جذبات کوئی معنی نہیں رکھتے ہیں… بالکل بھی نہیں رکھتے ہیں… در در کی ٹھوکر وںکے بعد بیگ صاحب کو کسی در کی ضرورت تھی اور… اور انہیں وہ در مل گیا… اور بات ختم۔ ہے نا؟