سرینگر//
کانگریس کے جموں کشمیر انچارج‘بھارت سن سولنکی نے جمعے کے روز کہاکہ آنے والے پارلیمانی انتخابات میں کانگریس جموں کی دو پارلیمانی نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔
سولنکی نے لوگوں کو بی جے پی کے منصوبوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن نزدیک آتے ہی بھاجپا مسجد اور مندر کی سیاست پر اتر آتی ہیں۔
ان باتوں کا اظہار کانگریس لیڈر نے جموں میں جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔
سولنکی نے کہاکہ جموں وکشمیر بھارت کا تاج ہے اور کانگریس نے ہمیشہ اس کی اور خصوصی توجہ دی۔جموں وکشمیر کانگریس انچارج نے کہا ’’اس وقت جموں وکشمیر کے لوگ مشکل وقت سے گزر رہے ہیں لیکن میں انہیں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ یہ برا وقت بھی گزر جائے گا۔‘‘
کانگریسی لیڈر نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگ تعمیر وترقی اور روزگار چاہتے ہیں۔ان کے مطابق بھارتیہ جنتاپارٹی لوگوں کے مسائل حل کرنے میں پوری طرح سے ناکام ثابت ہو گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ عدالت عدالت عظمیٰ نے جلدازجلد سٹیٹ ہڈ کی بحالی کے احکامات جاری کئے جس پر اب عملدرآمد ہونی چاہئے۔
سولنکی نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیر میں قیام امن کی خاطر کانگریس نے ہمیشہ کام کیا ہے۔ان کے مطابق پارلیمانی انتخابات میں جموں صوبے سے کانگریس دو سیٹیں جیتنے میں کامیاب ہو جائے گی جبکہ انڈیا الائنس سبھی چھ نشستوں پر کامیابیوں کے جھنڈے گارڈ دے گی۔
جموں وکشمیر کانگریس انچارج نے کہاکہ پارٹی پارلیمانی اور اسمبلی چناؤ کیلئے پوری طرح سے تیار ہے۔