یہ امسال کا آخری کالم ہے اور ہم کوئی د ل آزار بات نہیں کرنا چاہتے ہیں… ہم کسی کو دکھی نہیں کرنا چاہتے ہیں… لیکن صاحب اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ … کہ ہم وہ بات بھی نہ کریں جو ہم کرنا چاہتے ہیں اور… اور اس لئے کرنا چاہتے ہیں کیوں کہ وہ بات کرنا ضروری ہے…ضروری اس لئے ہے کیونکہ اس بات کا تعلق آپ سے ہے‘ ہم سے ہے… یعنی وہ ہماری اپنی بات ہے… کشمیر اور کشمیریوں کی بات ہے…اور وہ بات یہ ہے کہ کشمیر میں گزشتہ ۷۷ برسوں کے دوران جو سیاست ہو ئی ہے اس کا فائدہ سیاستدانوں کو تو ہوا ہو گا… اور سو فیصد ہو ا بھی… لیکن ہم اور …اور آپ … یعنی ہم لوگوں کونہیں ہوا … بالکل بھی نہیں ہوا … پھر چاہے وہ شیخ صاحب کی حق خود ارادیت کی سیاست تھی‘ گیلانی کی الحاق پاکستان کی تھی‘ نیشنل کانفرنس کی اٹانومی کی بحالی کی تھی‘ پی ڈی پی کی سیلف رول کی تھی‘حریت کانفرنس کی علیحدگی پسندانہ سیاست تھی… اس سے کشمیر اور کشمیریوں کو فائدہ نہیں ہوا… الٹا نقصان ہی ہوا… اتنا نقصان جس کا اندازہ بھی نہیں لگایا جا سکتا ہے …لیکن صاحب اتنا نقصان ہونے کے بعد بھی کشمیر کی سیاسی جماعتیں سنبھل نہیں رہی ہیں… کوئی سبق حاصل نہیں کررہی ہیں… اور بالکل بھی نہیں کررہی ہیں… بجائے اس کے کہ پی ڈی پی اور این سی کی اعلیٰ قیادت’پاکستان سے بات کرو‘ پاکستان سے مذاکرات کرو‘ کی رٹ لگائے، کیا ہی اچھا ہو تا اگر دونوں جماعتیںدہلی سے کشمیر پر بات کریں… اسے بات چیت پر مجبور کریں… جتنی محنت‘ کوشش اور توانائی یہ دو جماعت دہلی کو اسلام آباد کے ساتھ مذاکرات پر قائل کرنے کیلئے کررہی ہیں… اللہ میاں کی قسم اگر اس سے نصف ہی وہ دہلی کو سرینگر سے مذاکرات کیلئے کرتیں تو… تو کشمیریوں کیلئے اس سے بڑا تحفہ کوئی نہیں ہوسکتا … بالکل بھی نہیں ہو سکتا ہے… ۳۷۰ کی منسوخی نے کشمیر کو ہلا کے رکھ دیا … لداخ اس دفعہ کی منسوخی کے بعداپنے مطالبات پر دہلی سے محو مذاکرات ہے… کشمیر… جموں اور کشمیر اپنے تحفظات کو دور کرنے اور زمین اور سرکاری ملازمتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے پر دہلی سے بات کر سکتے ہیں … اور… اور مثبت نتائج کی توقع بھی رکھ سکتے ہیں… بجائے اس کے کہ وہ محض اپنے سیاسی مفادات کیلئے پاکستان سے بات چیت کی وکالت کریں کہ… کہ پاکستان سے بات چیت کی وکالت سے کشمیر اور کشمیریوں کو کچھ نہیں ملا ہے… بالکل بھی نہیں ملا ہے… یہ جماعتیں دہلی سے کشمیر اور کشمیریوں سے بات چیت کی وکالت کریں تو… تو ممکن ہے کہ کشمیراور کشمیریوں کو بہت کچھ ملے گا۔ ہے نا؟