ممبئی//
گجرات ٹائٹنز کوڈیبیو سیزن میں ہی پلے آف میں جگہ دلانے والے کپتان ہاردک پانڈیا کی ہربھجن سنگھ اور سنیل گاوسکر جیسے سابق کرکٹروں نے خوب تعریف کی ہے۔
سابق آف اسپنر ہربھجن نے انہیں "اس سیزن میں اب تک کا بہترین کپتان” قرار دیا ہے جبکہ ہندوستان کے سابق کپتان گاوسکر کا کہنا ہے کہ ان کی کپتانی میں "ہرگیم میں بہتری‘‘ ہورہی ہے۔”
منگل کو لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف 62 رنوں کی جیت کے ساتھ گجرات کے اس سیزن میں 12 میچوں میں 18 پوائنٹس ہوگئے ہیں اور ہاردک کی ٹیم آئی پی ایل 2022 کے پلے آف میں اپنی جگہ محفوظ کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ اسٹار اسپورٹس سے بات کرتے ہوئے سابق آسٹریلوی بلے باز میتھیو ہیڈن نے کہا، "اچھے کرکٹر اور اچھے کپتان کی یہی نشانی ہوتی ہے کہ وہ بڑے مواقع پر اپنابہترین دیں اور ہاردک کے ساتھ ایسا ہی ہو رہا ہے۔ میں ان کی توانائی اور جوش سے بہت متاثرہوا ہوں۔”
ہاردک کو جب گجرات کا کپتان مقرر کیا گیا تو اس فیصلے پر کچھ بحث ضرور ہوئی تھی کیونکہ چوٹ کی وجہ سے وہ کئی مہینوں تک اعلیٰ سطح کی کرکٹ سے باہر تھے۔ اس کے باوجود انہوں نے 11 میچوں میں اپر اور مڈل آرڈر میں بلے بازی کرتے ہوئے 131.80 کے اسٹرائیک ریٹ سے 344 رنز بنائے۔ لکھنؤ کے خلاف ہاردک نے 14 اپریل کے بعد پہلی بار گیند بازی بھی کی اور گاوسکر نے ان کے آل راؤنڈر کھیل کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا، ’’انہوں نے سخت محنت کی ہے اور یہ اسی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے آئی پی ایل سے پہلے چوٹ کی وجہ سے کافی کرکٹ مس کیا تھا لیکن اب ان کی بلے بازی میں ڈسپلن نظر آرہا ہے۔
ہربھجن نے ہاردک کے ساتھ آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز کی نمائندگی کی ہے اور ان کے مطابق گجرات کے ڈریسنگ روم میں ہاردک کو مکمل آزادی دی جارہی ہے۔