ممبئی//چنئی سپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کے پاس آئی پی ایل پلے آف کی اپنی امیدوں کو زندہ رکھنے کے لئے ممبئی انڈینس کے خلاف جمعرات کو ٹورنامنٹ کے 59ویں میچ میں ایک آخری موقع ہوگا۔
اس میچ کو جیتنے کے بعد ہی چنئی کی امیدیں باقی میچوں میں قائم رہیں گی۔ ہارنے کی صورت میں چنئی بھی ممبئی کی طرح دوڑ سے باہر ہو جائے گا۔ چنئی کے 11 میچوں میں چار جیت سے آٹھ پوائنٹس ہیں اور وہ ٹیبل میں ممبئی سے ایک مقام اوپرنویں نمبر پر ہے۔
چنئی کی ٹیم اور اوورسیز اوپنر کی ایک منفرد محبت کی کہانی رہی ہے۔ میتھیو ہیڈن، مائیکل ہسی، شین واٹسن، فاف ڈو پلیسس کے بعد ڈیون کونوے اس فہرست میں شامل ہوئے ہیں۔ اپنے آخری تین میچوں میں 87، 56 اور 85 کااسکور بناکر زبردست فارم میں نظرآئے ہیں۔ خاص طور پر اسپن کے خلاف وہ آگ بن کر برسے ہیں۔ اسپن کے خلاف انہوں نے 196.55 کے اسٹرائیک ریٹ سے 114 رنز بنائے ہیں۔
خراب دورسے گزررہی ممبئی کی ٹیم میں ٹم ڈیوڈ واحد چمکتا ہوا ستارہ ہیں۔ گیند کو میدان سے باہر بھیجنے کی صلاحیت رکھنے والے ٹم ڈیوڈ چنئی کی ڈیتھ بولنگ کے خلاف زیادہ سے زیادہ رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔ توقعات کے برعکس، 2021 سے کھیلے گئے تمام ٹی20 میچوں میں اسپن کے خلاف ان کی اوسط (40.88) کافی بہتر رہی ہے۔
آئی پی ایل کے مہنگے ترین کھلاڑی ممبئی کے ایشان کشن نے حالیہ میچوں میں 51 اور 45 رنز بنا کر اپنی فارم دوبارہ حاصل کر لی ہے۔ چنئی کے خلاف انہوں نے سات میچوں میں 34 کی اوسط سے 174 رنز بنائے ہیں۔ پاور پلے میں بھی ان کا شاندار ریکارڈ ہے اور وہ اس سیزن میں پہلے چھ اووروں کے دوران صرف تین بار آؤٹ ہوئے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری چیمپئن ڈوین براوو اس سیزن میں چنئی کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔ براوو نے آئی پی ایل کی تاریخ میں ممبئی کے خلاف 33 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ وانکھیڑے اسٹیڈیم میں بھی متاثر کن رہے ہیں اور اس سیزن میں وانکھیڑے میں کھیلے گئے دو میچوں میں ان کے نام پانچ کامیابیاں ہیں۔
ممبئی کے کپتان روہت گرچہ اس سیزن میں لے میں نظرنہ آئے ہوں، لیکن جب بات وانکھیڑے اسٹیڈیم کی آتی ہے، تب ان کے بلے سے رنز کی توقع رکھنا مناسب ہے۔ روہت نے اس گراؤنڈ پر ٹی 20 میچوں میں سب سے زیادہ 1990 رنز بنائے ہیں۔ اس گراؤنڈ پر کھیلے گئے آخری چھ میچوں میں ان کے اسکور 39، 71، 55، 24، 28، 47 رہے ہیں۔
آٹھ میچوں میں 12 وکٹوں کے ساتھ، چنئی کے مہیش تھکشنا آئی پی ایل کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی کے خطاب کے مضبوط دعویداروں میں سے ایک ہیں۔ پاور پلے میں ان کے نام چھ وکٹیں ہیں جوکسی بھی اسپنر کے لئے اس سیزن میں سب سے زیادہ ہیں۔