سرینگر//
جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں غیر قانونی طور پر لوگوں سے دھوکہ دہی اور پیسے نکالنے کے الزام میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ اس نے سوشل میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے اور موصول ہونے والی شکایت کی بنیاد پر کہ ضلع اننت ناگ کے رکھ مومن بجبہاڑہ کے ثاقب بشیر گنائی غیر قانونی طور پر لوگوں سے رقم وصول کرنے کے لئے دھوکہ دہی اور ڈرا دھمکا رہا ہے ، مذکورہ شخص کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے اور قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ نمبر۲۹۴/۲۰۲۳ درج کیا گیا ہے۔
پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ صارفین سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا ایپس کا استعمال کرتے وقت مناسب احتیاط برتیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں سوشل میڈیا کا سہارا لینے کے بجائے مناسب قانونی کارروائی کے لئے براہ راست پولیس سے رابطہ کریں۔