ساگر// مدھیہ پردیش میں ضلع ساگر کے شاہ گڑھ تھانہ علاقے میں ہیرا پور کے نزدیک موٹر سائیکل ٹرک کی زد میں آنے سے ایک ہی خاندان کے تین لوگوں کی موت ہو گئی۔
پولس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ ضلع کے کشن گنج علاقہ کے باشندے مرلی کھنگر (50) کل اپنی بیوی لکشمی رانی (45) اور بیٹے گولو (27) کے ساتھ موٹر سائیکل پر رامتوریا میں اپنی بیٹی کے گھر جا رہے تھے ۔ راستے میں ہیرا پور-ٹیکم گڑھ روڈ پر ایک تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں مرلی اور گولو کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جب کہ لکشمی رانی کو علاج کے لیے ہیرا پور ہیلتھ سنٹر لے جایا گیا۔ اس کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے صحت مرکز کے ڈاکٹروں نے اسے بہتر علاج کے لیے ضلع اسپتال بھیج دیا۔ پھر راستے میں قرا پور کے نزدیک اس کی بھی موت ہوگئی۔ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور اور ساتھی ڈرائیور گاڑی کو موقع پر چھوڑ کر فرار ہو گئے ۔
اس معاملے میں پولس نے ٹرک ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہے ۔