جموں//
جموںکشمیر پولیس کے سربراہ‘ آر آر سوئن اور سولہ ویں کور کے کمانڈر‘ سندیپ جین نے جمعے کے روز پونچھ کے بفلیازمیں جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ پولیس سربراہ اور کور کمانڈر کو سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔
معلوم ہوا ہے کہ پولیس چیف آر آر سوئن نے پونچھ اور راجوری کے جنگلی علاقے میں چھپے بیٹھے ملی ٹینٹوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کرنے کی ہدایت دی۔
ذرائع نے بتایا کہ پولیس اور فوج کے سینئر آفیسران نے آر آر سوئن اورکور کمانڈر سندیپ جین کو حملے کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ جمعرات کی سہ پہر ملی ٹینٹوں نے اس وقت دو فوجی گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا جب وہ جنگلی علاقے کی اور جا رہے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔
ذر ائع کا کہنا ہے کہ پولیس سربراہ اور کور کمانڈر نے پونچھ میں سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا جس دوران انہیں دہشت گردوں کے خلاف چلائے جارہے ہیں آپریشن کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔
سوائن نے آفیسران کو ہدایت دی کہ پونچھ اور راجوری میں سرگرم ملی ٹینٹوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ پونچھ اور راجوری کو ملی ٹینسی سے پاک رکھنے کی خاطر سیکورٹی ایجنسیوں کو نئی حکمت عملی اپنانی چاہئے تاکہ ملک دشمن عناصر کو جلدازجلد کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پولیس سربراہ نے اس اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران پونچھ حملے کے ذمہ داروں کو جلدازجلد مار گرانے کی ہدایت دی۔
ادھرجموںکشمیر کے بفلیاز پونچھ میں ملی ٹینٹ حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے ۲۰؍افراد کو پوچھ تاچھ کی خاطر گرفتار کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جائے وقوع کے نزدیک جتنے بھی موبائیل فون حملے کے وقت ایکٹیو تھے انہیں بھی دھر دبوچا گیا۔
اطلاعات کے مطابق بفلیاز پونچھ میں دہشت گردوں کی جانب سے فوج کی دو گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کرنے کے نتیجے میں چار فوجی جوانوں کی شہادت کے بعد فوج ، پولیس ، سی آر پی ایف کی جانب سے علاقے میں بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ گھر گھر تلاشی کے دوران سیکورٹی فورسز نے۲۰؍افراد کی گرفتاری عمل میں لائی اور ان سے پوچھ تاچھ ہو رہی ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ جائے وقوع کے نزدیک حملے کے وقت جن لوگوں کے فون ایکٹیو تھے انہیں بھی پوچھ تاچھ کے دائرے میں لایا گیا۔
ذرائع کے مطابق تفتیشی ایجنسیوں نے جمعے کے روز جائے وقوع کا معائنہ کیا اور وہاں پر ثبوت و شواہد اکھٹے کئے۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی چند مقامی افراد نے مدد کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کے سہولت کاروں کی بھی تلاش شروع کی گئی اور بہت جلد حملہ آوروں کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔
دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ حملہ آوروں کو تلاش کرنے کی خاطر جمعے کے روز فضائیہ کی خدمات حاصل کی گئی۔معلوم ہوا ہے کہ دن بھر جنگلی علاقے کو کھنگالا گیا تاہم حملہ آوروں کے بارے میں سیکورٹی فورسز کو ابھی تک کوئی سراغ نہیں مل پایا ہے۔
دریں اثنا معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹ مخالف آپریشن کے دوران کئی مشتبہ افراد کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
بتادیں کہ بفلیاز میں جمعرات کے روز ملی ٹینٹوں نے دو فوجی گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں پانچ فوجی جاں بحق جبکہ تین دیگر زخمی ہوئے ۔
اطلاعات کے مطابق سیکورٹی فورسز نے جمعے کی صبح کشتواڑ، پونچھ اور راجوری کے سرحدی علاقوں کو محاصرے میں لے کر سرچ آپریشن لانچ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ فوج ، سی آر پی ایف اور جموں وکشمیر پولیس نے راجوری کے کئی علاقوں کو محاصرے میں لے کربڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع العریض رہائشی اور جنگلی علاقوں کو سیل کرکے فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
دفاعی ذرائع نے کشتواڑ، راجوری اور پونچھ کے متعدد علاقوں میں تلاشی آپریشن شروع کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد فورسز اہلکاروں نے تلاشی آپریشن لانچ کیا ہے ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جنگلی علاقوں میں مشتبہ ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ راجوری، کشتواڑ اور پونچھ اضلاع میں پچھلے چند ماہ کے دوران ملی ٹینسی کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے جس کے پیش نظر ان علاقوں میں سرگرم ملی ٹینٹوں اور ان کے مدد گاروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ رہائشی مکانوں کی تلاشی کے دوران مکینوں کے شناختی کارڈ بھی باریک بینی سے چیک کئے جارہے ہیں۔
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ کشتواڑ، پونچھ اور راجوری کے سرحدی علاقوں میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے ساتھ ساتھ سہولیت کاروں کو دھر دبوچنے کی خاطر گھر گھر تلاشی آپریشن لانچ کیا گیا ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ پولیس ، فوج اور سی آپی ایف کے سینئر آفیسران خط چناب میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف جاری آپریشنز کی از خود نگرانی کر رہے ہیں۔