پرل//سنجو سیمسن کی 108 رن کی سنچری اور تلک ورما کی 52 رن کی نصف سنچری کے بعد ارشدیپ سنگھ کی خطرناک گیندبازی (چار وکٹوں) کی بدولت ہندوستان نے تیسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو 78 رن سے شکست دے دی۔
297 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی گیند بازوں نے جنوبی افریقہ کو 45.5 اوورز میں 218 رنز پر آؤٹ کر کے تین میچوں کی ون ڈے سیریز 2-1 سے جیت لی۔
اوپننگ جوڑی نے 297 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ ریزا ہینڈرکس اور ٹونی زورزی نے پہلی وکٹ کے لیے 59 رنز جوڑے۔ جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 19 کےا سکور پر ہینڈرکس کے طور پر گری۔ ارشدیپ نے انہیں راہل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ 15ویں اوور میں راسی وان ڈار دوسن دو رنز پر اکشر کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔ ایڈن مارکرم کی تیسری وکٹ 36 رنز کے طورپر گری۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹونی نے سب سے زیادہ 81 رنز کی اننگز کھیلی۔ وہ 30 اوور میں ارشدیپ کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ ہینرک کلاسن نے 21 رنز، بورن ہینڈرکس نے 18 رنز، کیشو مہاراج نے 14 رنز بنائے اور ڈیوڈ ملر 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ناندرے برجر ایک رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔
ہندوستان کی جانب سے ارشدیپ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ اویس خان اور واشنگٹن سندر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ مکیش کمار اور اکشر پٹیل نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل سنجو سیمسن کی 108 رن کی سنچری اور تلک ورما کی 52 رن کی نصف سنچری کی بدولت ہندوستان نے 296 رن کا چیلنجنگ اسکور بنا یا تھا۔
آج یہاں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بلے بازی کے لیے آئی ہندوستانی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور پانچویں اوور کی چوتھی گیند پر سلامی بلے باز رجت پاٹیدار 22 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔یہ ان کا پہلا ون ڈے میچ تھا۔ وہ برگر کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔ اس کے بعد آٹھویں اوور میں ہینڈرکس نے سائی سدرشن کو 10 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر کے ہندوستان کو دوسرا جھٹکا دیا۔
کپتان کے ایل راہل بھی 21 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ تاہم میچ میں 13 رنز بنا کر انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں اپنے 1000 رنز مکمل کر لیے۔ اس کے بعد تلک اور سیمسن نے اننگز کو سنبھالا اور 136 گیندوں میں 116 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ سیمسن تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے اور 110 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔ انہوں نے اپنی 108 رنز کی اننگز میں چھ چوکے اور تین چھکے لگائے۔ یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری تھی۔ انہوں نے یہ کارنامہ 16ویں میچ میں انجام دیا۔ اس اننگز کے دوران انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں اپنے 500 رنز بھی مکمل کر لئے ہیں۔
ہندوستانی ٹیم کے نوجوان بلے باز تلک نے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔ یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی پہلی نصف سنچری تھی۔ انہوں نے اپنی اننگز میں پانچ چوکے اور ایک چھکا بھی لگایا۔ رنکو سنگھ نے آخری اوورز میں 27 گیندوں میں 38 رنز بنائے۔ واشنگٹن سندر نے 14 رنز بنائے۔ اکشر پٹیل ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ارشدیپ سنگھ سات رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے اور اویس خان ایک رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔
ہندوستانی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 296 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے بیورن ہینڈرکس نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ناندرے برگر نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ لیزاد ولیمز، ویان مولڈر اور کیشو مہاراج نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔