سرینگر//
جموں کشمیر کے ایک اعلیٰ افسر نے ہفتہ کو کہا کہ سرحد کے اس پار لانچ پیڈ پر تقریباً۲۵۰سے۳۰۰ عسکریت پسند موجود ہیں۔
تاہم، افسر نے مزید کہا کہ سیکورٹی فورسز چوکس ہیں اور سرحد پار سے دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنادیں گے۔
انسپکٹر جنرل، بی ایس ایف، اشوک یادو نے جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں نامہ نگاروں سے کہا’’انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ لانچ پیڈ پر۲۵۰ تا۳۰۰عسکریت پسند انتظار کر رہے ہیں، لیکن ہم اور فوج نے تمام خطرناک جگہوں پر غلبہ حاصل کیا ہے اور چوکس ہیں‘‘۔
یادو نے کہا کہ بی ایس ایف اور فوج کے بہادر جوان سرحدی علاقوں میں چوکس ہیں اور دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنا دیں گے۔
آئی جی بی ایس ایف نے مزید کہا کہ پچھلے کچھ سالوں میں سیکورٹی فورسز اور کشمیر کے لوگوں کے درمیان رابطہ بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر لوگ ہمارے ساتھ تعاون کریں تو ہم ترقیاتی سرگرمیوں کو بہتر انداز میں آگے بڑھا سکتے ہیں۔
یادو نے کہا کہ بی ایس ایف کے بہادر جوان اور فوج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اور لوگوں کے درمیان پہلے بھی تعلقات تھے اور گذشتہ برسوں کے دوران یہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ لوگ ہمارے ساتھ بھر پور تعاون کر رہے ہیں اور ہم ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔