سرینگر//
جموںکشمیر کی راجدھانی ‘سرینگر کے بمنہ علاقے میں سیکورٹی فورسز نے چار ہابئیرڈ ملی ٹینٹوں کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا جبکہ اونتی پورہ میں دو جنگجو اعانت کاروں کو بھی دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ منگل کے روز سیکورٹی فورسز کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ شہر کے بمنہ علاقے میں جنگجو چھپے بیٹھے ہیں چنانچہ۲آر آر اور جموں وکشمیر پولیس نے بمنہ کراسنگ کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران دو مشتبہ افراد کو مشکوک حالت میں گھومتے ہوئے پایا گیا ۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے دونوں کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم دونوں نے وہاں سے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی تاہم حفاظتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے اُنہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور دونوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
ترجمان نے گرفتار شدگان کی شناخت طاوس رسول گاڑا ولد غلام رسول اور سلیم جان بٹ ولد محمد اشرف بٹ ساکن عثمان آباد نزدیک ڈگری کالج بمنہ کے بطور کی ہے ۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ افراد کی جامہ تلاشی کے دوران ایک چینی ساخت کا پستول ایک میگزین، تین چینی گولیوں کے راونڈ اور دوسرا قابل اعتراض مواد ضبط کیا گیا۔
اُن کے مطابق گرفتار شدگان نے ابتدائی پوچھ تاچھ کے دوران بتایا کہ وہ لشکر طیبہ (ٹی آر ایف ) سے وابستہ ہے اور اُنہیں پاکستانی ہینڈلرز نے سری نگر شہر میں ٹارگیٹ کلنگ کا کام سونپا تھا۔
ترجمان نے کہاکہ مذکورہ افراد کی نشاندہی پر پولیس نے ہمدانیہ کالونی سری نگر میں جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا جس دوران اُن کے مزید دو ساتھیوں جن کی شناخت عبدالحمید راہ عرف علی ولد غلام رسول راہ اور سجاد احمد مرازی ولد خورشید احمد ساکنان ہمدانیہ کالونی بمنہ کے بطور ہوئی ہے کو بھی حراست میں لیا ۔
ترجمان نے کہاکہ مذکورہ افراد کے قبضے سے بھی دو چینی ساخت کے پستول دو میگزین، دس چینی گولیوں کے راونڈ برآمد کئے گئے ۔
پولیس نے اس ضمن میں مختلف دفعات کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔
دریں اثنا اونتی پورہ پولیس اور ۵۰ آر آر نے منگل کے روز بافنا چوک پانپور میں چیکنگ کے دوران دو ملی ٹینٹ اعانت کاروں کی گرفتاری عمل میں لائی جن کی بعد میں شناخت ارشید احمد میر ولد فاروق احمد میر ساکن چیک ستورا ترال اور مظفر احمد چوپان ولد خضر محمد چوپان ساکن کھنموہ سری نگر کے بطور ہوئی ہے ۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ دونوں کے قبضے سے قابل اعتراض مواد، دو ہینڈ گرینیڈ برآمد کرکے ضبط کئے گئے ۔
ابتدائی تحقیقات کے دوران گرفتار شدگان نے بتایا کہ اُنہیں یہ دو گرینیڈ سرگرم جنگجو ثاقب احمد ساکن کھنموہ نے دئے تاکہ سیکورٹی فورسزپر ان کا استعمال کیا جاسکے ۔
پولیس نے اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر ۲۰۲۲/۵۱کے تحت پولیس تھانہ پانپور میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔