ممبئی// ستیش شوبھا (69)، جمیما روڈریگس (68)، یستیکا بھاٹیہ (66) اور دیپتی شرما (ناٹ آؤٹ 60) کی شاندار نصف سنچریوں کی مدد سے ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ میں جمعرات کو پہلی اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 410 رن بنائے۔
ڈاکٹر ڈی وائی پاٹل اسپورٹس اکیڈمی میں ہندوستانی کپتان ہرمن پریت کور نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اسمرتی مندھانا (17) اور شیفالی ورما (19) کی وکٹوں کے جلد گرنے کے بعد کریز پر آئی ستیش اور جمائمہ نے انگلینڈ کے گیند بازوں کی خوب پٹائی کی اور جلد ہی ٹیم کے اسکور کو تین ہندسوں تک پہنچا دیا اور بعد ازاں اپنی اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ اننگز کے 33 ویں اوور میں سوفی ایکلسٹون کی گیند پر آؤٹ ہونے سے پہلے ستیش اپنی اننگز کے دوران 13 بار گیند کو باؤنڈری لائن کے پار پہنچا چکی تھیں۔
انگلینڈ کے گیند بازوں کو جلد ہی ایک اور کامیابی جمائمہ کی وکٹ کی صورت میں ملی لیکن دوسرے سرے پر آنے والی ہرمن پریت نے نئی بلے باز یاستیکا کے ساتھ مل کر ایک بار پھر مہمان فیلڈرز کو مصروف رکھا۔ ہرمن پریت بدقسمتی سے 49 رن کے ذاتی اسکور پر رن آؤٹ ہو گئیں۔ کپتان کے آؤٹ ہونے کی وجہ سے دوسرے اینڈ پر موجود یاستیکا کا اعتماد بھی متزلزل ہو گیا جس کے نتیجے میں وہ شارلٹ ڈین کی گیند پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئیں۔ اپنی نصف سنچری اننگز کے دوران انہوں نے 88 گیندوں پر دس چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
انگلینڈ کو ساتویں کامیابی سنیہ رانا (30) کی صورت میں ملی۔ دن کے کھیل کے اختتام پر دیپتی شرما 60 رن بنانے کے بعد کریز پر موجود تھیں اور پوجا وستراکر چار رن بنا چکی تھیں۔