سری نگر//
جموںکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے اشٹینگو علاقے میں یو اے پی اے ایکٹ کے تحت ۱۴مرلوں پر مشتمل رہائشی اراضی کو قرق کر دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ اراضی لشکر طیبہ سے وابستہ جنگجو معاون عرفان احمد بٹ کے خاندان کی ہے۔
بانڈی پورہ پولیس نے بدھ کو اس سلسلے میں سماجی رابطہ گاہ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا’’بانڈی پورہ پولیس نے ایف آئی آر نمبر۴۳/۲۰۲۲کے کیس میں اشٹینگو بانڈی پورہ میں۱۴مرلوں پر مشتمل رہائشی اراضی کو ضبط کیا‘‘۔
پولیس نے کہا’’اس اراضی کی نشاندہی دہشت گردی سے حاصل ہونے والی آمدنی کے طور پر کی گئی ہے اور اس کو یو اے پی اے کے تحت منسلک کر دیا گیا ہے‘‘۔
ایک اور پوسٹ میں کہا گیا’’یہ زمین لشکر طیبہ سے وابستہ دہشت گرد معاون عرفان احمد بٹ کے خاندان کی ہے جس کا بھائی بھی سال۲۰۰۰ میں پاکستان چلا گیا تھا۔‘‘
اس دوران پولیس نے ضلع گاندربل میں۴ مفرور افراد‘جو پاکستان کے زیر قبضہ فرار ہو گئے ہیں کی غیر منقولہ جائیداد کو قرق کیا ہے ۔
پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ۵دسمبر کو گاندربل پولیس نے ریونیو حکام کے ساتھ لطیف خان عرف سجادولدکشور خان ساکنہ گٹلی باغ کی ۱۳مرلہ زمین‘محمد حسین شاہ ولداعتبار شاہ ساکہ وائل گٹلی باغ کی ۳کنال ۱۴ مرلہ ولی اللہ ولدمحمد عبداللہ خان ساکنہ گٹلی باغ کی۱۳ کنال اورفاروق احمد وانی ولد غلام نبی وانی ساکہ وا نی پورہ سالورہ گاندربل کی ایک کنال ۵ مرلہ زمین منسلک کی اس کے علاوہ ایک عمارت کو بھی ضبط کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ چاروں افرادغیر قانونی اسلحہ گولہ بارود کی تربیت حاصل کرنے کیلئے پاکستان کے زیت قبضہ کشمیر گئے ہیں۔