کولکتہ// ہندوستان کے سابق کپتان سنیل گواسکر کا خیال ہے کہ نئی آنے والی گجرات ٹائٹنز آئی پی ایل 2022 میں اپنے پہلے سیزن میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے کیونکہ وہ نتائج کی فکر کیے بغیر بے خوف ہو کر کرکٹ کھیل رہی ہے۔
گجرات ٹائٹنز فی الحال پوائنٹس ٹیبل پر 11 میں سے آٹھ میچوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اور اسے پلے آف میں جگہ بنانے کے لیے صرف ایک اور جیت درکار ہے۔
اسٹار اسپورٹس کے کرکٹ لائیو پر گواسکر نے کہاکہ "گجرات اتنی آزادی کے ساتھ کھیل رہا ہے اور وہ (کھلاڑی) بے خوف ہیں۔ ان کے کھیل میں دنیا کا کوئی خوف نہیں ہے اس لیے وہ جیت رہے ہیں۔ یقیناً آپ جیتنا چاہتے ہیں۔ یہاں تک کہ جب آپ اپنی گراؤنڈ پر کھیل رہے ہوں، ہارنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ دنیا ختم ہو گئی، یہ وہ طریقہ ہے جس سے وہ پچ پر قدم رکھ رہے ہیں۔ وہ اپنے کھیل سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور مثبت کرکٹ کھیل رہے ہیں۔”
سابق ہندوستانی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے بھی لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف منگل کے میچ میں گجرات کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ “گجرات لکھنؤ کے خلاف یہ میچ جیت کر پلے آف میں پہنچنے والی پہلی ٹیم ہوگی۔ ہاردک پانڈیا کی ٹیم کافی مضبوط ہے۔ راشد خان بہترین فارم میں ہیں اور کوچ اشیش نہرا انہیں مطلوبہ اعتماد دے رہے ہیں۔ اس ٹیم کو ہرانا بہت مشکل ہے۔‘‘