سرینگر/۱۰ مئی
جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع کے پنڈوشن علاقے میں کل رات گولی باری کے دوران زخمی ہونے والا ایک شہری منگل کی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کے این او نے ایک اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ شاہد غنی ڈار ولد عبدالغنی ڈار ساکنہ پنڈوشن شوپیاں نامی شہری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ۹۲ بیس ہسپتال سری نگر میں چل بسا۔ ڈار اور ایک اور شہری شعیب احمد منٹو کے علاوہ ایک سپاہی گولی باری کے دوران زخمی ہوئے جو پیر کی شام کو شروع ہوئی۔
دونوں شہریوں کو ہوائی جہاز سے۹۲ بیس ہسپتال سری نگر لے جایا گیا جہاں شاہد نے آخری سانس لی۔ دوسرے زخمی شہری اور سپاہی کی شناخت سنجیو داس کے طور پر بتائی جاتی ہے۔
دریں اثنا پنڈوشن میں جنگجو محاصرہ توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہونے کے بعد انکاؤنٹر کو روک دیا گیا ہے۔