چلئے صاحب این آئی ٹی سرینگر کو سرمائی تعطیلات کیلئے وقت سے پہلے بند کردیا گیا ہے اور… اور اس لئے بند کیا گیا ہے کیونکہ ایک اہانت آمیز اور دل آزار سوشل میڈیا پوسٹ سے طلباء مشتعل ہو ئے تھے… اس لئے ہوئے تھے کیونکہ اس پوسٹ سے ان کے جذبات مجروح ہو گئے تھے… جذبات اس لئے مجروح ہو گئے تھے کیونکہ… کیونکہ سوشل میڈیا پوسٹ میں کچھ ایسا مواد اپ لوڈ کیا گیا تھا جس سے کسی بھی مسلمان کے جذبات مجروح ہو سکتے ہیں اور… اور ہو بھی گئے … این آئی ٹی کے طلبا نے احتجاج کیا اور سوشل میڈیا پوسٹ اپ لوڈ کرنے والے طالبعلم کیخلاف کارروائی کی مانگ بھی کی… اس سے پہلے کہ یہ مظاہرے دوسرے تعلیمی اداروں تک پھیل جاتے حکومت نے جہاں این آئی ٹی میں سرمائی تعطیلات کا اعلان کیا وہیں اس نے وادی کے تمام ڈگری کالیجوں میں یکم دسمبر سے آن لائن کلاسز شروع کرنے کا اعلان بھی کردیا… گرچہ آن لائن کلاسز شروع کرنے کی وجہ کچھ اور قرار دی گئی ہے … لیکن صاحب ہم جانتے ہیں اور مانتے بھی ہیں کہ اصل بات کیا ہے اور… اور اصل بات یہ ہے کہ ان تعلیمی اداروں کو مظاہروں… ممکنہ مظاہروں سے روکا جائے اور… اور اللہ میاں کی قسم ہمیں آن لائن کلاسز شروع کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے… ہمیں این آئی ٹی میں وقت سے پہلے سرمائی تعطیلات کے اعلان سے بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے… الٹا ہم اللہ میاں کا شکر کرتے ہیں کہ وادی میں موسم سرما ہے اور… اور حکومت نے سرما کی سردیوں کی آڑ میں این آئی ٹی کو بند کیا اور ڈگری کالیجوں میں آن لائن کلاسز شروع کیں… لیکن صاحب اگر ایسا ہی کچھ گرما… موسم گرما میں ہو تا یا ہو جائے تو… اس وقت حکومت کیا کریگی …صاحب ایسی کسی بھی صورتحال … ایسی کسی بھی آزمائش سے بچنے کا ایک ہی طریقہ ہے… ایک واحد طریقہ اور… اور وہ یہ ہے کہ این آئی ٹی کے جس طالبعلم نے یہ آہانت آمیز اور دل آزار پوسٹ اپ لوڈ کی اور… اور دانستہ طور پر اپ لوڈ کی… اس کیخلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے … جیسا کہ پولیس کے سربراہ ‘آر آر سوائن نے یقین دہانی بھی کرائی ہے… اگر ایسا ہوتا ہے تو… تو صاحب ہمیں یقین ہے کہ مستقبل میں ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں ٓئے گا اور… اور حکومت کو وقت سے پہلے تعلیمی اداروں… چاہے وہ این آئی ٹی ہو یا کوئی اور… انہیں بند نہیں کرنا پڑے گا … بالکل بھی نہیں کرنا پڑے گا ۔ ہے نا؟