جموں//
جموں کشمیر میں خوف و دہشت سے پاک ماحول کے قیام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر’ منوج سنہا نے کہا ہے کہ یہ دہائی جموں کشمیر کیلئے سنہری دہائی ثابت ہو گی ۔
سنہا آج جموں میں امر اْجالا گروپ کے زیر اہتمام ’’رائزنگ جموں کشمیر‘‘ کانکلیو سے خطاب کررہے تھے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یو ٹی انتظامیہ خوف اور دہشت گردی سے پاک جموں و کشمیر بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ تنازعات کے منافع خوروں، دہشت گردوں، علیحدگی پسندوں کے ماحولیاتی نظام کو ختم کرنے میں کامیاب رہی ہے اور دہشت گردی اب اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے۔
سنہا نے کہا ’’مجھے یقین ہے کہ یہ دہائی جموں و کشمیر کیلئے سنہری دہائی ہوگی‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر کی ہمہ جہت ترقی کی رفتار اور عام آدمی کو بااختیار بنانے سے معاشرے کے تمام طبقات کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔
ایل کاکہنا تھا’’ہماری توجہ صرف تیز تر نہیں بلکہ جامع اور پائیدار ترقی پر ہے۔ ہم نوجوانوں‘ کسانوں اور خواتین کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے صنعت کاری اور جدید زراعت اور اس سے منسلک شعبوں کی بنیاد رکھ رہے ہیں‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مختلف شعبوں میں متاثر کن پیش قدمی اور جموں و کشمیر کے ایک ماڈل یونین ٹیریٹری کے طور پر ابھرنے پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یو ٹی عام آدمی کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے پختہ عزم کے ساتھ بے مثال شرح سے ترقی کر رہا ہے۔
سنہا کاکہنا تھا’’ وزیر اعظم ‘ نریندر مودی کی رہنمائی میں، ہم ایک ترقی یافتہ مرکز کے زیر انتظام علاقے کے عروج کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ یہ الہی زمین حقیقی معنوں میں ’زمین پر جنت‘ کے طور پر تبدیل ہو گئی ہے‘‘۔
کنکلیو میں، لیفٹیننٹ گورنر نے شہریوں کے لیے زندگی میں آسانی کو یقینی بنانے کے لیے یو ٹی انتظامیہ کے اہم اقدامات کا اشتراک کیا۔
اس موقع پر سول اور پولیس انتظامیہ کے سینئر افسران، سینئر صحافی، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔