جموں//
سیکورٹی فورسز نے جموں کے اکھنور علاقے میں ممکنہ طور پر سرحد پار سے ڈرون کے ذریعے گرائے گئے ہتھیاروں سے بھرے ایک بکس کو بر آمد کیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ اکھنور کے پالن والا علاقے میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک جمعرات کی صبح جموں پولیس اور فوج کی طرف سے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران ایک مشتبہ بکس بر آمد کیا گیا۔
ذرائع نے کہا کہ جب اس بکس کو کھولا گیا تو اس سے ایک آئی ای ڈی جس کے ساتھ بیٹریز فٹ کی گئی تھیں‘ایک پستول‘ ۲ پستول میگزین‘۳۸پستول گولیاں اور۹ گرینیڈ بر آمد کئے گئے ۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے اس سلسلے میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہیں۔
ادھرجموں وکشمیر کے پونچھ ضلع کے سیری کھاواعلاقے میں سیکورٹی فورسز نے رہائشی مکان کی تلاشی کے دوران قابل اعتراض مواد برآمد کیا ہے ۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس اور فوج نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد پونچھ کے دورافتادہ علاقے سیری کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ذرائع نے کہاکہ سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹ معاون غلام محمد ولد عبدالغفار کے رہائشی مکان سے ایک پستول ، ایک میگزین اور ۵گولیوں کے راونڈ برآمد کرکے ضبط کئے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جنگجومعاون کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے ۔