سرینگر//
جموںکشمیر پولیس نے بدھ کے روز سرینگر کے مضافات میں قومی شاہراہ پر لشکر طیبہ سے وابستہ دو جنگجو معاونین کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا۔
ایک پولیس ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ منگل کے روز سری نگر پولیس کو قومی شاہراہ پر مشتبہ دہشت گردوں کی نقل و حمل کے بارے میں اطلاع موصول ہوئی۔
ترجمان نے کہا’’اس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سری نگر پولیس، کیو آر ٹی اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم نے قومی شاہراہ پر این آر کالونی میں شام لال پٹرول پمپ کے نزدیک ناکہ لگا دیا‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’ناکہ چیکنگ کے دوران پارم پورہ سے ٹینگہ پورہ کی طرف جا رہی ایک سفید سنٹرو گاڑی نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی تاہم ان کو جائے موقع پر دھر لیا گیا‘‘۔
بیان میں کہا گیا’’اس دوران ممتاز احمد لون ولد غلام قادر لون ساکن ترہگام کپوارہ اور جہانگیر احمد لون ولد غلام محی الدین لون ساکن ترہگام کپورہ نامی دو ہشت گرد معاونین کو گرفتار کیا گیا اور ان کی تحویل سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا گیا‘‘۔
بیان کے مطابق بر آمد شدہ اسلحہ وگولہ بارود میں۲پستول‘۴میگزین‘۲فلر میگزین اور ۸گرینیڈ شامل ہیں۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ پولیس نے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن بٹہ مالو میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔