پٹنہ،// مرکزی وزیرمملکت برائے داخلہ اور بہار میں بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کے سابق صدر نتیانند رائے نے آج کہا کہ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی ) کے سربراہ لالو پرساد یادو شروع سے ہی یادووں کی بھلائی نہ کرکے اقربا پروری میں شامل رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کے چھوٹے بیٹے ریاست کے نائب وزیر اعلی کے عہدے پر ہیں۔
مسٹر رائے نے بدھ کو یہاں صحافیوں کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ آر جے ڈی سربراہ مسٹر یادو نے اپنے چھوٹے بیٹے تیجسوی پرساد یادو کو ریاست کا نائب وزیر اعلی بنانے کے لئے اپنی پگڑی وزیر اعلی نتیش کمار کے سامنے رکھ دی ۔ آر جے ڈی سربراہ کو اپنے خاندان کے علاوہ کچھ بھی دکھائی نہیں پڑتاہے ۔انہوں نے کہا کہ جب بھی آر جے ڈی سربراہ کو موقع ملا ہے انہوں نے اپنے خاندان کے لئے ہی سب کچھ قربان کیا ہے ۔
بی جے پی کے سابق ریاستی صدر نے کہاکہ آرجے ڈی سربراہ مسٹر یادو جب ایک معاملے میں جیل جا رہے تھے تب انہیں اپنی پارٹی میں کوئی بھی اہل نظر نہیں آیا۔ اس وقت بھی انہوں نے اپنی اہلیہ محترمہ رابڑی دیوی کو وزیر اعلی جیسے اہم عہدے پر بٹھا دیا تھاجب کہ آر جے ڈی میں اس وقت کئی اہم لیڈر موجود تھے ۔ لیکن سچائی یہی ہے کہ مسٹر یادو کو دوسرے کسی پر ذرا بھی بھروسہ نہیں ہے ۔
مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ آر جے ڈی کے سربراہ کو اگر ذرابھی یادووں سے ہمدردی ہوتی تو وہ اپنے چھوٹے بیٹے تیجسوی کی جگہ کسی اور کو بھی بہار کا نائب وزیر اعلی بنادیتے ۔ جمہوریت میں اقرباپروری کی کوئی جگہ نہیں ہے باوجود اس کے مسٹر یادو اس سے الگ نہیں سوچ سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کی خواہش میں وہ کبھی جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) سے تو کبھی کانگریس سے سمجھوتہ کرتے رہے ہیں ۔