سرینگر//
پولیس نے منگل کو ایک کارروائی میں جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع کے مہلورہ علاقے میں تقریباً ۴۵ لاکھ روپے نقد اور۲ء۴کلو گرام چرس برآمد کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی شوپیاں تنوشری نے نمائندوں کو بتایا کہ ایک مخصوص ان پٹ پر، پولیس نے مہلورہ میں مشتبہ مقامات پر چھاپہ مارا اور فاروق احمد کوکا کے گھر سے تقریباً ۴۵لاکھ روپے نقد اور۲ء۴کلو چرس برآمد کی۔
تنوشری نے کہا کہ کچھ نقدی اس کے گاؤ خانے اور کچھ اس کے گھر اور دکان سے برآمد ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جب کہ تفتیش جاری ہے۔
ایس ایس پی نے کہا کہ وہ منشیات فروشوں کے خلاف سختی سے نمٹنے کی ہدایت کرتی ہیں اور جو بھی منشیات فروشی میں ملوث ہے اسے بخشا نہیں جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ والدین اور اساتذہ کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ نوجوان منشیات کی لت کا شکار نہ ہوں۔
اس سال شوپیاں میں ۱۳؍افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، جو اس وقت ہندوستان کی مختلف جیلوں میں بند ہیں جبکہ منشیات فروشوں کے خلاف درج مقدمات پچھلے سال کے مقابلے میں تقریباً دوگنے ہیں۔
تنوشری نے کہا کہ شوپیاں پولیس مختلف محاذوں پر منشیات کے عادی افراد کی مشاورت کے ساتھ ساتھ انہیں ادویات فراہم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے جبکہ اسکولوں، کالجوں کو اس میں شامل کیا جا رہا ہے تاکہ وہ نوجوان آبادی کو اس لعنت سے دور رکھ سکیں۔