سرینگر/۸مئی
جنوبی ضلع کولگام کے چیان دیوسر کولگام میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین تصادم جاری ہے ۔
آئی جی کشمیر نے بتایا کہ علاقے میں پاکستانی اور مقامی جنگجو پھنس کر رہ گئے ہیں۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جنوبی ضلع کولگام کے چیان دیوسر کولگام علاقے میں ملی ٹینٹوں کے چھپنے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے درمیانی رات اس علاقے کو اپنے محاصرے میں لے لیا اور اُنہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے گھر گھر تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں پا کر جنگجووں نے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند گولیاں برسا کر فرار ہونے کی بھر پور سعی کی تاہم حفا ظتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے اُنہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔
اُن کے مطابق علاقے میں جنگجووں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان گولیوں کا تبادلہ جاری ہے ۔
دریں اثنا آئی جی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ دیوسر کولگام میں پاکستانی جنگجو حیدر اور مقامی ملی ٹینٹ پھنس کر رہ گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حیدر نامی پاکستانی جنگجو پچھلے دو سال سے شمالی کشمیر میں سرگرم رہ چکا ہے اور وہ عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں براہ راست ملوث رہا ہے ۔
آئی جی کے مطابق علاقے میں آپریشن ہنوز جاری ہے