سرینگر//
وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر‘ جموں قومی شاہراہ پر ہفتے کی صبح ٹریفک کی نقل و حمل بحال ہوگئی۔
ادھر وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر، لیہہ شاہراہ پر بھی ٹریفک کی نقل و حمل بحال ہوئی ہے ۔
بتادیں کہ سرینگر ،جموں قو می شاہراہ کو جمعہ کے روز رام بن علاقے میں مٹی کے تودے اور چٹانیں کھسک آنے کے پیش نظر بند کر دیا گیا تھا۔
ٹریفک پولیس حکام نے ہفتے کے روز کہا کہ سرینگر ، جموں قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لئے بحال کر دیا گیا ہے تاہم دلواس اور ناشری پر پھسلن کی وجہ سے گاڑیوں کے چلنے کی رفتار سست ہے ۔انہوں نے لوگوں سے لین ڈسپلین کے مطابق چلنے کی تاکید کی۔
ان کا کہنا تھا کہ سرینگر ، لیہہ شاہراہ پر بھی ٹریفک بحال کر دیا گیا۔
دریں اثنا جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ کو تین روز بعد ہفتے کو ٹریفک کیلئے بحال کر دیا گیا۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ برف ہٹانے کے بعد مغل روڈ پر ٹریفک کی دو طرفہ نقل و حمل بحال کر دی گئی ہے ۔
وادی کشمیر کے بعض پہاڑی علاقوں میں جمعہ کے روز برف باری کے باعث کچھ سڑکیں بند ہوئی تھیں۔
قابل ذکر ہے کہ سرینگر ‘جموں قومی شاہراہ کے بند ہونے سے اہلیان وادی کو گوناگوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے ۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ ہونے کے ساتھ ہی وادی کے بازاروں میں اشیائے ضروریہ قلت ہی نہیں بلکہ مہنگائی آسمان چھونے لگتی ہے ۔