کپواڑہ//
لیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سِنہا نے وزیر اعلیٰ مہاراشٹر ایکناتھ شندے اور وزیر ثقافتی اَمور مہاراشٹر سدھیر منگن تیوار کے ساتھ آج کپواڑہ میں چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمے کی نقاب کشائی کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب ’امہی پونیکر‘اور ہندوستانی فوج کی۴۱راشٹریہ رائفلز کو تاریخی اَقدام کے لئے مُبارک باد دی۔اُنہوں نے کہا کہ عظیم شیواجی کا مجسمہ لوگوں اور فوج کے بہادروں کے لئے ترغیب کا ذریعہ ہوگا۔
لیفٹیننٹ گورنر عظیم واریر اور سوراجیہ کے بانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیواجی ایک پیدائشی لیڈر تھے جنہوں نے دشمن کے خلاف اَپنی شاندار فتح سے ہندوستان کی ایک نئی تاریخ رقم کی۔
ایل جی نے کہا کہ چھترپتی شیواجی مہاراج بھی اعلیٰ اخلاقیات، صحیح طرزِ عمل اور تمام مذاہب اور فرقوں کے احترام کے سر چشمہ تھے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو ان کے نظریات پر عمل کرنا، معاشرے کے غریب اور کمزور طبقوںکی بے لوث خدمت کرنی چاہیئے اور قوم کی تعمیر میں اَپنا حصہ اَدا کرنا چاہئے ۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کہا کہ شیواجی نے اپنی فوجی ذہانت اور اخلاقی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے لاکھوں ہندوستانیوں کو متحرک کیا اور مراٹھا سلطنت کے لئے خودمختاری حاصل کی۔اُنہوں نے کہا کہ ان کی اَبدی اقدار آج بھی متعلقہ ہیں اور ہمیں سماجی مساوات اور پُراَمن بقائے باہمی کے راستے پر رہنمائی کرتی ہیں۔
سنہا نے کہا کہ ہر برس۷نومبر کو کپواڑہ میں چھترپتی شیواجی مہاراج کا تہوار منایا جا تاہے۔
وزیر اعلیٰ مہاراشٹر ایکناتھ شندے نے کہاکہ چھترپتی شیواجی مہاراج ہر ہندوستانی کے لئے ایک تحریک ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں قربانی اور بہادری کی عظیم روایت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ واقعی قابل ستائش ہے کہ یہ مجسمہ چھترپتی شیواجی کی تاج پوشی کی۳۵۰ویں سالگرہ کے موقعہ پر کپواڑہ میں لگایا جا رہا ہے۔
اِس موقعہ پروزیر ثقافتی اَمور مہاراشٹر سدھیر منگن تیوارنے اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے چھترپتی شیواجی مہاراج کو خراجِ عقیدت پیش کیا ۔اُنہوں نے کہا کہ شیواجی کے مجسمے کی نقاب کشائی ان کی زندگی کا سب سے قابل فخر موقعہ ہے۔
جی او سی وجر ڈویژن میجر جنرل گریش کالیا نے معززین کو کپوارہ کی خواتین کے ہاتھ سے تیار کردہ قومی پرچم پیش کیا۔
اِس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے بھارتی فوج کے بہادروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کپواڑہ میں ہیڈ کوارٹر۲۸اِنفنٹری ڈویژن وجروار میموریل پر گُل دائرے چڑھائے۔